نئی دہلی 13 مئی پریس ریلیز؍ ہمارا سماج: تعلیم بہت بڑی دولت ہے جسے نہ کوئی چھین سکتا ہے اور نہ ہی چراسکتا ہے ،وہی قوم ترقی کرتی ہے جو تعلیم یافتہ ہوتی ہے کیونکہ ترقی کیلئے تعلیم کا اہم دخل ہے جس کے مد نظر مسلمانوں کو حصولیابی تعلیم کی طرف خاص دھیان دیناچاہئے تبھی تعلیم یافتہ مسلم معاشرہ کی تشکیل ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار مصطفی آباد کے سابق رکن اسمبلی حسن احمد نے گوئل پبلک اسکول مصطفی آباد کے منعقدہ سالانہ جلسہ میں کیا۔وہ بحیثیت مہمان خصوصی تھے جبکہ جلسہ کی صدارت کونسلر سبیلہ بیگم کے شوہر حاجی محمد خوشنود نے کی ۔حسن احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک پرائمری اسکول کی تعمیر ہم نے کرائی تھی اور سیکنڈری اسکول کی خستہ حالی کے مد نظراس میں پوٹا کیبن بنوایا تھا جس کی ازسرنو تعمیرکیلئے اپنے ممبر اسمبلی و کانگریس کی حکومت میںوزیر تعلیم اروند سنگھ لولی کا دورہ کرا یا اور تعمیر منظور ہوئی لیکن کانگریس حکومت کی عدم موجود گی میں اسکول کی تعمیر التوا میں پڑ گئی جس کا معاملہ کورٹ میں جانے سے اسکول تعمیرکی راہ ہموارہوئی جوہماری جدوجہد اور کوشش کا نتیجہ ہے جس سے آج دل خوش ہورہا ہے ۔ اسی دوران گوئل پبلک اسکول کے درجنوں طلبا وطالبات سالانہ امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں کو مومنٹو اور توصیفی اور اساتذہ ایوارڈ سے نوازے گئے جس سے بچوں و ان کے اساتذہ میں مزید محنت و لگن کا جذبہ پیدا ہوا۔حاجی محمد خوشنود نے کہا کہ کارکردگی کے اعتراف میں حوصلہ افزائی سے مزید محنت و لگن کے جذبہ کو تقویت ملتی ہے جس سے بچوں کا روشن مستقبل ہوتا ہے ۔پرنسپل روبی میڈم نے کہا کہ مصطفی آباد کے لوگ خوش نصیب ہیں کہ جنہیں حسن احمد او ر حاجی محمد خوشنود جیسے مصطفی آباد کے خیر خواہ لیڈر ملے ہوئے ہیں ۔مدرسہ مدینتہ العلوم کے بانی و مہتم قاری محمد ارشاد قاسمی نے کہا کہ عوامی نمائندہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ہوتا ہے لیکن جو اپنی ذمہ داری کو ذمہ داری نہ سمجھے اس کی لوگو ں میں کوئی اہمیت نہیں ہوتی ہے۔اس موقع پر قاری محمد ارشد قاسمی،محمد سلیم ،محمد سفیان ، محمد عمر ، حسین انصاری ، چمن منصوری ، حاجی علی محمد، نوید چودھری ڈ معراج چودھری ڈ مہدی ، شبیر ، ریاض الدین صدیقی و دیگر سرکردہ لوگ موجود تھے۔












