امریکا:امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کے روز فلوریڈا میں قاتلانہ حملے کا نشانہ تھے۔ تاہم وہ کسی بھی نقصان سے محفوظ رہے۔
سیکرٹ سروس کے ادارے نے تصدیق کی ہے کہ اس کے ایک یا ایک سے زیادہ ایجنٹ نے ٹرمپ کے نجی گولف کورس میں ایک مسلح شخص پر فائرنگ کر دی”۔ اس مسلح شخص کا انکشاف گولف کورس کی جھاڑیوں میں ہوا تھا۔ حکام کے مطابق مذکورہ جگہ سے ایک کلاشنکوف طرز کی بندوق، ایک دور بین اور ایک "گو پرو” کیمرا بھی ملا ہے۔
مشتبہ شخص ایک سیاہ رنگ کی گاڑی میں فرار ہو گیا تاہم ایک عینی شاہد کی جانب سے گاڑی کی شناخت کے بعد حکام نے اس کا پیچھا کر لیا۔پام بیچ کے علاقے میں پولیس کے سربراہ ریک بریڈشو نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ "اس وقت ہمارے پاس ایک شخص زیر حراست ہے اور وہ ہی مشتبہ شخص ہے”۔
ادھر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان اسٹیفن چونگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "صدر ٹرمپ اپنے اطراف فائرنگ کے بعد محفوظ ہیں”۔
سابق صدر ٹرمپ نے ایک ویب سائٹ پیغام میں خود بھی یہ کہا کہ "آپ لوگ ڈریں مت ! میں محفوظ ہوں اور کوئی بھی زخمی نہیں ہوا، خدا کا شکر ہے”۔
یاد رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب دو ماہ کے دوران میں ٹرمپ کو کسی مسلح شخص کے خطرے کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل 13 جولائی کو پنسلوینیا میں ایک انتخابی مہم کے دوران میں خطاب کے اثنا میں سابق صدر کا کان گولی کے چھو کر گزرنے سے زخمی ہو گیا تھا۔ اس واقعے میں مجمع میں موجود ایک شخص ہلاک اور دو شدید زخمی ہو گئے تھے جب کہ مسلح شخص کو سیکرٹ سروس کے نشانچی نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
اتوار کے روز پریس کانفرنس میں بات کرنے والے ذمے داران نے یہ نہیں بتایا کہ آیا مسلح شخص نے سابق صدر کی سمت گولی چلائی تھی تاہم انھوں نے یہ کہا کہ سیکرٹ سروس کے افراد کی جانب سے گولیاں چلائی گئیں۔
امریکی ایف بی آئی کے مطابق وہ سابق صدر پر قاتلانہ حملے کی دوسری کوشش کی تحقیقات کر رہا ہے۔
ذمے داران نے سیکرٹ سروس کے فوری طور پر حرکت میں آنے کو سراہا۔ سیکرٹ سروس وہ ایجنسی ہے جس کو پنسلوانیا میں مسلح شخص کو ٹرمپ پر گولی چلانے سے روکنے میں ناکامی کے بعد گہری جانچ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پولیس سربراہ بریڈشو کے مطابق گولف کورس میں ٹرمپ کی حفاظت کے لیے موجود سیکرٹ سروس کے افراد نے جھاڑیوں میں بندوق کی نالی دیکھی تو اس مشتبہ شخص پر گولی چلا دی۔ مسلح شخص فوری طور پر وہاں سے فرار ہو گیا۔ وہ 300 سے 500 گز کے فاصلے پر موجود تھا اور اس کے پاس دور بین تھی لہذا یہ طویل فاصلہ شمار نہیں ہوتا۔












