کانپور، پریس ریلیز،ہماراسماج: جلوس محمدیؐ کی تیاریوں کے سلسلے میں ذمہ داریاں طے کرنے کیلئے شہری جمعیۃ علماء کے عہدیداران، جلوس کے خدام، سیکٹر انچارج و دیگر دانشوران پر مشتمل ایک اہم میٹنگ دفتر شہری جمعیۃ علماء جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں منعقد ہوئی جس میں شہر قاضی حافظ معمور احمد جامعی، شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان، ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی، محکمہ شرعیہ و دارالقضاء کے صدر مفتی عبدالرشید قاسمی، کارپوریٹر عمیم خان ، ڈاکٹر مبارک علی سمیت کئی اہم ذمہ داران شریک ہوئے۔میٹنگ سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ جلوس کو منظم انداز سے نکالنے میں ہمارے سیکٹر انچارج اور ان کی ٹیم کا اہم کردار ہوتا ہے۔ شہری جمعیۃ کی جانب سے پورے روٹ کو 25سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے الگ الگ ذمہ داران متعین کیے گئے ہیں جو اپنے اپنے سیکٹر سے بخیر و عافیت جلوس نکلوانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ساتھ ہی اگر کوئی شرپسند عناصر ماحول یا جلوس کے نظم و نسق کو خراب کرنے کوشش کرتے ہیں تو سیکٹر انچارج ان کی نشاندہی کرکے جمعیۃ کے ذمہ داران کو مطلع کریں تاکہ آئندہ ان پر کارروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ان تمام سیکٹر انچارج کا واٹس ایپ گروپ بنایا جائے گا جس کے ذریعہ پل پل کی اپڈیٹ حاصل کی جاتی رہے گی۔ ساتھ ہی ان کو جمعیۃ کا بیچ اور جھنڈا بھی دیا جائے گا تاکہ وہ دور سے نظر آسکیں۔ مولانا عبداللہ قاسمی نے تمام انجمنوں کے ذمہ داران اور تمام شرکائِ جلوس سے اپیل کی کہ وہ جلوس کے دوران نمازوں کی پابندی کا خیال رکھیں۔ مولانا نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک فرمایا ہے، حضورؐ کی ہی نسبت سے نکلنے والوں جلوس میں تمام عاشقان رسولؐ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر ایسے کام سے بچنے کی کوشش کریں جو حضور ؐ کو تکلیف پہنچانے والا ہو۔میٹنگ میں علاقائی ذمہ داران نے جلوس میں درپیش مسائل کو پیش کیا جن کے حل پر غور و خوض کیا گیا۔ جلوس سے 2؍روز قبل سنیچر کو جمعیۃ کی جانب سے جلوس کے آداب اور گائڈ لائن سے متعلق شہر بھی میں اعلان کرایا جائے گا جس میں بطور خاص لوڈر اور لوہے کے راڈ کے استعمال سے لوگوں کے منع کیا جائے گا۔16؍ستمبر کو صبح6؍بجے پریڈ گرائونڈ میں قاضی شریعت مولانا انعام اللہ قاسمی اپنی ٹیم کے ساتھ انجمنوں کو ٹوکن کریں گے اور جلوس میں اسی ٹوکن نمبر کے حساب سے ان کی جگہ متعین کی جائے گی۔ جلوس میں استقبال کرنے والی انجمنوں سے درخواست کی گئی وہ اپنے اسٹال لگاتے ہوئے خیال رکھیں کہ راستہ تنگ نہ ہو، جس سے جلوس کو نکلنے میں کوئی دشواری ہو۔ جن جگہوں پہ لوگ درمیان سے داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں ان جگہوں کی نشاندہی کرکے وہاں والنٹیر لگائے جائیں گے اور انتظامیہ کو ان جگہوں کی فہرست مہیا کرائی جائے گی۔ڈاکٹر حلیم اللہ خان نے بتلایا کہ پریڈ گرائونڈ میں ظہر کی اذان12بجکر20منٹ پر ہوگی اور نماز12بجکر35منٹ پر ادا کی جائے گی۔ اپنی سابقہ روایات کے مطابق جلوس ٹھیک1؍بجے اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے بتلایا کہ جلوس کی روایت پریڈ گرائونڈ کے شمالی گیٹ سے نکلنے کی رہی ہے، لیکن میٹرو کے کام کی وجہ سے امسال بھی جلوس جنوبی گیٹ سے نکالا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال میٹرو کی جانب سے این او سی مل سکے گی اور جلوس اپنی سابقہ روایات کے مطابق نوین مارکیٹ چوراہے سے نکل سکے گا۔میٹنگ کا آغاز مولانا عاقب جامعی کی تلاوت سے ہوا۔ میٹنگ میں مولانا انعام اللہ قاسمی، مولانا انصار احمد جامعی، قاری عبدالمعید چودھری، مفتی اظہار مکرم قاسمی، مولانا محمد ذاکر قاسمی، مولانا آفتاب عالم قاسمی، مولانا کلیم احمد جامعی، مولانا سعد خان ندوی، مولانا عقیل احمد جامعی، مولانا طارق قاسمی، قاری مجیب اللہ عرفانی، حافظ سلمان جامعی، مولانا رضاء اللہ مظاہری، قاری شفیق جامعی، مولانا ناظم علی جامعی، مولانا غفران علی ندوی، محمد عرفان ہاشمی، محمد انس ، صادق علی، عبدالمعبود، مامون رشید،محمد انیس خان، محمد عمیر، ایاز فضیل، محمد عقیل، ریاض احمد پپو، عبدالقدوس، محمد سیف، عبداللہ اظہار، محمد عاطف۔












