نئی دہلی، 29 مئی : کانگریس نے پیر کو کہا کہ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت اور پارٹی لیڈر سچن پائلٹ ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات متحد ہو کر لڑیں گے ۔کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج شام پارٹی کے سرکردہ لیڈران راہل گاندھی اور کے سی وینوگوپال کی موجودگی میں مسٹر گہلوت اور مسٹر پائلٹ کے ساتھ اس سلسلے میں میٹنگ کی۔مسٹروینوگوپال نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹرکھڑگے اور مسٹرراہل گاندھی نے گہلوت جی اور پائلٹ جی کے ساتھ چار گھنٹے تک تفصیلی بات چیت کی۔ ہم نے متحد ہو کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں متفق ہیں، ہمیں ایک ساتھ جانا ہوگا۔ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف مشترکہ لڑائی ہوگی۔ ہم راجستھان میں جیتیں گے ۔راجستھان میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے کا امکان ہے ۔