قفقاز :ایک نئے اشتعال انگیز بیان میں روسی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین دمتری میدویدیو نے دھمکی دی ہے کہ روسی ٹینک برلن میں ریخسٹاگ کی عمارت کے سامنے والے ریپبلک سکوائر تک پہنچ سکتے ہیں۔ یہ رد عمل اس وقت سامنے آیا ہے جب جرمن بکتر بند گاڑیاں یوکرینی یونٹوں کے ساتھ روسی علاقے کورسک میں گھسنے لگی ہیں۔میدویدیو نے جرمن اخبار کے ایک مضمون کا جواب دیا جس میں 80 سال بعد روسی سرزمین پر جرمن ٹینکوں کی واپسی کی بات کی گئی تھی۔ میدویدیو نے اس مضمون، جس میں روسی علاقے میں جرمن ٹینکوں کی واپسی کو فخر کے ساتھ بیان کیا گیا ہے، کو انتقامی مضمون قرار دیا۔ میدویدیو نے ’’ایکس‘‘ پر کہا کہ جواب میں ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ جدید روسی ٹینک ریپبلک سکوائر (برلن میں ریخسٹا گ عمارت کے سامنے) تک پہنچ جائیں۔
یاد رہے یوکرین کی افواج نے منگل کی صبح سرحد پر اپنی کارروائی کے دوران روسی علاقے کورسک کے کچھ مغربی حصوں پر حملہ کر دیا۔ یہ ایک حیرت انگیز حملہ تھا۔ اس کا مقصد جنگ بندی کے مذاکرات کے لیے فائدہ اٹھانا ہوسکتا ہے۔ یہ مذاکرات امریکی انتخابات کے بعد متوقع ہیں۔
روسی فوجی بلاگرز نے کہا ماسکو کی جانب سے یوکرین کی اچانک دراندازی کو روکنے کے لیے فوج بھیجنے کے بعد صورت حال مستحکم ہو گئی ہے تاہم کیف تیزی سے اپنی افواج کو متحرک کر رہا ہے اور وہاں شدید لڑائیاں جاری ہیں۔اس تناظر میں روسی خبر رساں ایجنسیوں نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ روس نے یوکرین کے ساتھ تین سرحدی علاقوں میں آج ہفتے کو علی الصباح انسداد دہشت گردی کے اقدامات نافذ کیے ہیں۔ 2022 میں جنگ کے آغاز کے بعد سے روسی سرزمین پر یوکرین کی جانب سے کیے گئے سب سے بڑے حملے کو پسپا کرنے کے لیے فورسز بھیجی گئی ہیں۔