ایڈیلیڈ: ہندوستان کے اسٹار کرکٹر وراٹ کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد آج کہا کہ اگرچہ وہ مایوس ہوکر آسٹریلیا سے جا رہے ہیں لیکن ایک ٹیم کے طور پر وہ یہاں سے بہتر ہونے کی کوشش کریں گے ۔ایک جذباتی ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ ہم اپنے خواب کو پورا کیے بغیر اور اپنے دل میں مایوسی کے ساتھ آسٹریلیا سے جارہے ہیں، لیکن ہم بطور ٹیم اپنے ساتھ بہت سے یادگار لمحات ساتھ لے جا سکتے ہیں اور یہاں سے بہتر ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں۔اپنے مداحوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کوہلی نے کہا، “بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آکر ہمارا ساتھ دینے کے لیے آپ تمام مداحوں کا شکریہ۔ اس جرسی کو پہن کر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر ہمیشہ فخر محسوس کرتا ہوں۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کو جمعرات کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کو 169 رنز کا ہدف دیا تھا جسے انگلینڈ نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 16 اوورز میں حاصل کر لیا۔