ہیتی:سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 51 افراد جان بحق
پورٹ او پرنس، 7 جون :ہیتی میں5 جون کو شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 51 ہو گئی ہے ۔ہیتی سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ (ڈی پی سی) نے اعلان کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 51، لاپتہ افراد کی تعداد 18 اور زخمیوں کی تعداد 140 ہو گئی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں 820 گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، 31 ہزار 591 گھر زیر آب آ گئے ہیں اور 40 ہزار خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ڈی پی سی کی جانب سے دیے گئے بیان میں اعلان کیا گیا کہ ملک کا مغرب سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے اور اس خطے کو پناہ گاہ، خوراک، حفظان صحت سے متعلق مصنوعات اور صاف پانی کی ضرورت ہے ۔وزیر اعظم ایریل ہنری نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی امداد کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔ہیتی میں 2016 میں سمندری طوفان میتھیو سے 800 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے ۔