نئی دہلی ، مدرسہ مصباح القرآن کی جانب سے سیلم پور میں سالانہ جلسہ دستار بندی کا انعقاد کیا گیا جس میں مظہر العلوم وقف سہارنپور کے استاذ حدیث مفتی محمود مظاہری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مقامی کونسلر کے شوہر حاجی افضال اور غازی پور مرغا منڈی ایسوسی ایشن کے صدر چودھری نظام بطورمہمانان موجود تھے۔ مدرسہ کے بچوں نے نعت شریف، حدیث اور معاشرے میں قرآن کی اہمیت پر مختلف پروگرام پیش کئے۔اس موقع پر مفتی محمود مظاہری نے قرآن مجید کے فضائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ معاشرہ کا اعلیٰ طبقہ قرآن کی تعلیم سے دور ہوتا جا رہا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے زیادہ تر لوگ جدید تعلیم پر توجہ دیتے ہیں لیکن والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم اور قرآنی تعلیم بھی دیں کیونکہ قرآن روح کی غذا ہے، قرآن کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے ہی ہم اپنے بچوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کر سکتے ہیں۔ حاجی افضال نے کہا کہ دین اسلام آپسی بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور مدارس کی وجہ سے قرآن پڑھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کو قرآن سیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ چودھری نظام نے اپنے بیان میں کہا کہ کووڈ کی وجہ سے دینی تعلیم کو بہت نقصان پہنچا ہے، قرآن پڑھنے والوں کی تعداد کم ہوئی ہے، اس لیے حافظوں کی تعداد بھی کم رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مدارس کے تئیں اپنی ذمہ داری پوری کریں اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں کہ ہر گھر میں قرآن کی تلاوت کرنے والے موجود ہیں۔جلسہ کو کامیاب نانے میں مدرسہ کے مہتمم محمد شہزاد قاسمی ،جبکہ اساتذہ مفتی زبیر احمد قاسمی ،مولانا غزالی قاسمی، مولانا قاری نورالاسلام ،مولانا افضل مظاہری ،قاری شوکت قاسمی، قاری اعجاز احمد،وغیرہ نے اہم رول ادا کیا۔جبکہ خصوصی خطاب کرتے ہوئے مولانا انیس آزادقاسمی بلگرامی نے تفصیل سے قرآن کے متعلق بیان کیا۔