صادق شروانی
نئی دہلی،سماج نیوز سروس: سردی شروع ہوتے ہی دہلی کے اخبارات میں کمبل تقسیم کرنے کی خبریں شائع ہوتی رہتی ہیں عام طور پر دیکھا گیا ہےکہ مختلف تنظیمیں اخبارات میں پریس ریلیز بھیج کر لوگوں کو یہ جانکاری دیتے ہیں کہ دہلی میں ہر سال بڑی تعداد میں ان کی جانب سے کمبل تقسیم کیے جاتے ہیں حالانکہ ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کے مشترکہ تعاون سے ہی یہ کام انجام دیا جاتا ہے ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کے او ایس ڈی شوکت مفتی کا کہنا ہے کہ دہلی کی زیادہ تر سرگرم غیر سرکاری تنظیموں کو ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن ضرورت مند اور مستحق لوگوں تک کمبل پہنچانے کا ذمہ سونپتا ہے اور اس کام کو زیادہ تر تنظیمیں بہت اچھے سے اپنا رول ادا کرتی ہیں شوکت مفتی نے روزنامہ ’ہمارا سماج‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کا قیام 1964 میں حکیم عبدالحمید کی صدارت میں عمل میں ایا تھا یہ پوری طرح سے غیر سرکاری تنظیم ہے ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کا مقصد یوں تو بہت سے سماجی اور فلاحی کام کو انجام دینا ہے لیکن خاص طور پر کوئی بھی صرف غربت کی وجہ سے معیاری تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہے اس کے لیے تقریباً ہر مستحق طلبا کی شکل میں سینکڑوں کی تعداد میں اسکالرشپ بھی دستیاب کرائی جاتی ہے اس کے علاوہ سماجی اور کلچرل سرگرمیوں میں ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کا ضرورت کے مطابق مالی تعاون رہتا ہے شوکت مفتی کا کہنا ہے کہ غربت کی وجہ سے کوئی بھی معیاری تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہے اس کے لیے بڑی تعداد میں اسکالرشپ دی جاتی ہے اسکالرشپ دینے کے لیے ذات برادری یا مذہب وغیرہ کی کوئی قید نہیں ہے موٹے طورپر ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے اسکالرشپ، رمضان کے ماہ میں افطار کٹ اور سردیوں میں ہزاروں کی تعداد میں نہ صرف دہلی بلکہ اس سے باہر بھی مستحق لوگوں تک کمبل پہنچائے جاتے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ اس مرتبہ ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن سے منسلک 30 غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے تقریبا پانچ ہزار کمبل تمام دہلی اور اس کے اطراف میں تقسیم کیے جا رہے ہیں شوکت مفتی نے بتایا کہ اس سے پہلے کنیا کماری سے لے کر کشمیر تک ضرورت مند اور مستحق لوگوں تک کمبل پہنچانے کا ذمہ بھی ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن لے چکا ہے مگر بعد میں اس کام کے لیے دہلی کی سرگرم غیر سرکاری تنظیموں کی مدد سے کمبل پہنچائے جاتے ہیں اس کے علاوہ جامعہ ہمدرد، ’دہلی حج کمیٹی‘ دہلی پولیس کے تعاون سے بھی لوگوں تک کمبل پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ اسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر بے سہارا لوگوں کو بھی کمبل پہنچانے میں کامیاب ہوتے ہیں ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کے او ایس ڈی شوکت مفتی کہتے ہیں کہ اب فاؤنڈیشن نے رمضان میں ضرورت مند اور مستحق لوگوں تک افطار کٹ پہنچانے کی تیاری شروع کر دی ہے کیونکہ رمضان بھی بہت قریب ہیں ہماری کٹ میں راشن وغیرہ اچھا خاصا ہوتا ہے اور لوگوں کو اس کٹ کا رمضان شروع ہوتے ہی انتظار رہتا ہے اس سب کے باوجود ہم نے دہلی میں واقع بہت سی مساجد اور درگاہوں کا بھی انتخاب کیا ہے جہاں پر روز مرہ کے مطابق افطاری کا انتظام کیا جاتا ہے غیر سرکاری تنظیموں سے رابطہ کرنے ضرورت مند اور مستحق لوگوں تک افطار کٹ یا کمبل صحیح طریقے سے تقسیم کرانے کی میری ذمہ داری رہتی ہے اور میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالی اس طرح کا کام مجھ سے تا حیات لیتا رہے۔












