سید پرویز قیصر
ملبورن میں شروع ہوئے چوتھے ایشیز ٹسٹ کے پہلے دن انگلینڈ کی پہلی اننگ میں ہیری بروک نے59 منٹ میں34 بالوں پر دو چوکوں اوراتنے ہی چھکوں کی مدد سے41 رن بنائے۔ اپنی اس اننگ کے دوران وہ ٹسٹ کرکٹ میں اپنے تین ہزار رن مکمل کرنے میں بھی کامیاب رہے۔ٹسٹ کرکٹ میں تین ہزار رن بنانے والے وہ انگلینڈکے48 ویں اور کل ملاکر 218 ویں بلے باز بنے۔
دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے34ٹسٹ میچوں کی57 اننگوں میں ایسا کرنے کے بعد انگلینڈ کی جانب سے مشترکہ طور پر دوسرے سب سے تیز تین ہزار رن بنانے والے بلے باز بنے۔ انگلینڈ کی پہلی اننگ کے اختتام تک انہوں نے54.17 کی اوسط اور86.85 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ دس سنچریوں اور14 نصف سنچریوں کی مدد سے3034 رن بنائے تھے۔ وہ چار مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور317 رن ہے جوانہوں نے418منٹ میں322 بالوں پر29 چوکوں اور تین چھکوں کی مددسے پاکستان کے خلاف ملتان میں اکتوبر2024 میں بنایاتھا۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیز تین ہزار رن بنانے والے بلے باز ہربرٹ سٹکلیف ہیں جنہوں نے33 ویں ٹسٹ کی52 ویں اننگ میں ایسا کیا تھا۔ اس اننگ کے اختتام تک وہ64.82 کی اوسط کے ساتھ12 سنچریوں اور14 نصف سنچریوں کی مدد سے3047 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ وہ ایک مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور176 رن تھا۔
ڈیننس کومپٹن نے ہیری بروک کی طرح34 ویں ٹسٹ کی57 ویں اننگ کے دوران اپنے تین ہزاررن مکمل کئے تھے۔ جس اننگ میں انہوں نے ایسا کیا تھا اسکے اختتام تک وہ63.02 کی اوسط کے ساتھ 13 سنچریوں اور12 نصف سنچریوں کی مدد سے3088 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ وہ دو مرتبہ صفر کا شکارہوئے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور208 رن ریا تھا۔
انگلینڈ کیلئے ٹسٹ کرکٹ میں چوتھے سب سے تیز تین ہزار رن بنانے والے بلے باز جیک ہوبس ہیں۔ انہوں نے35 ویں ٹسٹ کی60 ویں اننگ میں ایسا کیا تھا ۔ اس اننگ کے اختتام تک وہ56.40 کی اوسط کے ساتھ سات سنچریوں اور 18 نصف سنچریوں کی مدد سے 3046 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ وہ تین مرتبہ اپنا کھاتی کھولنے میں ناکام رہے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور187 رن رہا تھا۔
لین ہٹن کو انگلینڈکی جانب سے مشترکہ طور پر ہانچویں سب سے تیز تین ہزار رن بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے35 ویں ٹسٹ کی61 ویں اننگ میں ایسا کیا تھا۔اس اننگ کے اختتام تک وہ54.08کی اوسط کے ساتھ آٹھ سنچریوں اور14 نصف سنچریوں کی مدد سے3029 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ وہ دو مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے تھے جبکہ ان کا سب سے زیادہ اسکور364 رن ہے۔
کین برنگٹن نے بھی61 ویں اننگ میں اپنے تین ہزار رن مکمل کئے تھے مگر انہوں نے 38 ویں ٹسٹ میں اتنی اننگیں کھیلی تھیں۔ اس اننگ کے اختتام تک وہ56.81 کی اوسط کے ساتھ نو سنچریوں اور17 نصف سنچریوں کی مد دسے3011 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ وہ تین مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور172 رن رہا تھا۔












