نئی دہلی ،مسیح الملک ممتاز مجاہد آزادی اور عظیم شاعر حکیم محمد اجمل خان کی 155ویں یوم ولادت کے موقع پرآئی ایس ایم ڈاکٹرسیل (دہلی)کی طرف سے’یوم اجمل اور یوم قومی یو نانی‘ کے عنوان سے ایک تقریب آئی ٹی او میں واقع راجندر بھون میں منعقد کی گئی،جس میںدارالحکومت کے مختلف علاقوں کے ماہرین نے بڑی تعداد میں شر کت کی ۔اس موقع پرمہمان خصوصی کے طور پر دہلی سرکار کے وزیر عمران حسین نے شر کت کرتے ہوئے اپنی گفتگو میں حکیم اجمل خان صاحب ؒکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پروگرام کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی ۔عمران حسین نے کہاکہ حکیم اجمل صاحب بلیماران علاقہ سے تعلق رکھتے تھے اور مجھے خوشی ہے کہ میں بھی بلیماران حلقہ سے رکن اسمبلی ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ حکیم صاحب نے اپنی پوری زندگی لوگوں کی فلاح وبہبود کے خاطر زندگی صرف کر دی تھی اور عوام کی بے لوث خدمت کی۔ انہوں نے مزید کہاکہ بی یو ایم ایس ڈاکٹر راجدھانی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی طبی خدمت انجام دے رہے ہیں ۔مسٹر عمران نے یہ بھی کہاکہ میری ہمہ وقت کوشش ہے کہ طب یو نانی کی یو نیورسٹی بننی چاہئے ، اس کیلئے میں بھی آپ تمام ڈاکٹرکے ساتھ ہوں ۔ مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شریک ایم ایل اے اور ایم سی ڈی انچارج درگیش پاٹھک نے فخر کے ساتھ کہاکہ دنیا میں انوکھا ہندوستان واحد ایسا ملک ہے ،جہاں پراتنی ساری پیتھیاں ہیںاوران پیتھیوں کے ذریعہ لوگوں کی زندگی بھی بچائی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ حکیم اجمل خان صاحب جہاں جا معہ ملیہ اسلامیہ اور طبیہ کالج کے بانی رہے ہیں اور مسلم لیگ ، کا نگریس اور ہند و مہاسبھا کے سرپرست رہے ہیں ،وہیں وہ اپنے پیشے میں بے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے اور غریبوں کی خدمت کرتے تھے۔ مسٹرپاٹھک نے یہ بھی کہاکہ ماڈرن سائنس میں کافی ریسرچ ہوتی رہتی ہیں ، ضروری ہے کہ یو نانی و آیوروید میں بھی ریسرچ کی جائے،کیونکہ ان پیتھیوں کو کا فی نقصان ہواہے ، ہمیں سرکار کے ساتھ مل کر آیور وید و یو نانی پیتھیوں کے دائرہ کو وسیع کرنا چاہئے۔اس دوران متعدد ڈاکٹروں کی بیش بہاخدمات کے عوض میں انکی عزت افزائی کی گئی ۔قبل ازیں ڈاکٹرضمیر کی تلاوت کلام الہی سے تقریب کاآغاز ہوا ، جبکہ نظامت کے فرائض کے پروگرام کے روح رواں ڈاکٹر عشرت کفیل نے بخوبی انجام دئے۔تقریب سے ڈاکٹر بھانو پرتاپ سنگھ، ڈاکٹر گجیندر چودھری، ڈاکٹر محمد جنید،ڈاکٹرراجکمار بیدا، ڈاکٹر محمدمقیم ،ڈاکٹر انل شرماودیگرنے بھی اظہار خیال کیا اور اختتام قومی ترانہ پرہوا ۔












