نئی دہلی، دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے کہا ہے کہ وہ سابق نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کی بیوی کی بیماری کی بنیاد پر عبوری ضمانت کی درخواست پر اسٹیٹس رپورٹ پیش کرے۔ سیسودیا کو دہلی ایکسائز پالیسی معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ جسٹس دنیش کمار شرما نے سی بی آئی سے جمعرات کو رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔ اسی دن عدالت میں سیسودیا کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر بھی سماعت ہونی ہے۔سیسودیا کے وکیل نے کہا کہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) لیڈر کی اہلیہ کی طبی حالت پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں عبوری ضمانت دی جائے۔ سی بی آئی کے وکیل نے کہا کہ جمعرات کو رپورٹ پیش کرنا ممکن نہیں ہوگا۔اس پر عدالت نے سی بی آئی کے وکیل سے کہا کہ وہ جمعرات تک رپورٹ پیش کرنے کی کوشش کریں تاکہ درخواست کی باقاعدہ ضمانت کی عرضی کے ساتھ سماعت کی جاسکے۔ سی بی آئی نے دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں کئی دور کی پوچھ گچھ کے بعد 26 فروری کو سیسودیا کو گرفتار کیا۔
اس سے پہلے 31 مارچ کو نچلی عدالت نے اس معاملے میں سیسودیا کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ سیسودیا اس کیس میں مجرمانہ سازش کے پیچھے ماسٹر مائنڈ تھا اور اس نے خود کو تقریباً 90-100کروڑ روپے کی پیشگی رشوت کی مبینہ ادائیگی سے متعلق مجرمانہ سازش میں سب سے اہم اور نمایاں کردار ادا کیا تھا۔












