پیرس (یو این آئی) ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کو پیرس اولمپک 2024 گیمز کے ہاکی مقابلے میں کانسے کا تمغہ دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے کپتان ہرمن پریت سنگھ گول اسکورنگ کی فہرست میں ٹاپ پر رہے۔ہرمن پریت سنگھ نے پیرس 2024 کے مردوں کے ہاکی مقابلے میں آٹھ میچوں میں سب سے زیادہ 10 گول کئے۔ اس کے بعد آسٹریلیا کے بلیک گوورز نے سات گول کیے۔ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے کولمبس کے یویس-ڈو-مانوئر اسٹیڈیم میں اسپین کو 2-1 سے شکست دے کر اولمپک میں لگاتار دوسری مرتبہ کانسے کا تمغہ جیتا۔ اس میچ میں بھی ہرمن پریت نے دو گول کرکے ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔میچ جیتنے کے بعد، ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان نے کہا، میرے لئے سخت محنت کرنے، پنالٹی کارنر بنانے اور تمام فارورڈ لائن کے لئے سارا کریڈٹ میری ٹیم کو جاتا ہے۔ مجھے اس پر بہت فخر ہے۔ بلاشبہ مجھے بطور کپتان اپنے آپ پر فخر ہے لیکن ٹیم ہمیشہ پہلے آتی ہے۔ہرمن پریت سنگھ نے اسپین کے خلاف پنالٹی کارنر کے ذریعے دو گول کیے اور ٹورنامنٹ میں اپنے پنالٹی کارنر کے اسکور کو سات تک پہنچایا۔ جبکہ تین گول پنالٹی اسٹروک سے آئے۔ عالمی نمبر چار بیلجیئم کے ساتھ گروپ مرحلے کے مقابلے کے علاوہ، ہرمن پریت نے پیرس 2024 میں آٹھ بار کے اولمپک چیمپئن کے لیے ہر میچ میں گول کیا۔28 سالہ کھلاڑی نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کے پہلے میچ میں ہندوستان کے لیے آخری لمحات سے عین قبل ایک گول کر کے اپنا کھاتہ کھولا۔ وہ اگلے میچ میں بھی اسکور شیٹ پر تھے۔ یہ میچ ارجنٹینا کے ساتھ 1-1 سے برابر رہا۔انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف 2-0 کی جیت میں دو گول کیے لیکن ٹوکیو اولمپک 2020 گولڈ میڈلسٹ بیلجیئم ٹیم کے خلاف ہندوستان کی 1-2 کی شکست میں گول نہیں کر سکے۔ہرمن پریت اپنے آخری گروپ مرحلے کے کھیل میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی 3-2 سے جیت میں اسکورنگ چارٹ پر واپسی کی۔ہندوستانی کپتان نے برطانیہ کے ساتھ 1-1 کی برابری میں اپنی ٹیم کے لیے واحد گول کیا۔












