صنعا (یواین آئی) یمن کے حوثی مسلح گروپ نے اتوار کی دیر رات خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل سے منسلک تمام غیر ملکی جہازوں کو، جو کسی بھی منزل کی طرف جا رہے ہوں، نشانہ بنانا شروع کر دے گا۔حوثی جماعت نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی بین الاقوامی کمپنی اسرائیلی بندرگاہوں کے ساتھ اپنا کاروباری تعلق جاری رکھے گی، اُس کے جہازوں کو کسی بھی مقام پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے، چاہے ان کی منزل کچھ بھی ہو۔ترجمان یحییٰ سریع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام اسرائیل کے خلاف ان کی نام نہاد "چوتھی عسکری کارروائی” کا حصہ ہے۔ اُن کے بقول، "جو کمپنیاں اس انتباہ کو نظرانداز کریں گی، اُن کے جہاز حملوں کی زد میں آئیں گے، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی سمندر میں موجود ہوں۔”یحییٰ سریع نے کہا کہ حوثی تحریک تمام کمپنیوں کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ اسرائیلی بندرگاہوں سے اپنا لین دین فوری طور پر بند کریں، اور یہ وارننگ اسی بیان کے اجراء کے لمحے سے مؤثر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر غزہ پر جنگ ختم کی جاتی ہے اور محاصرہ ختم کیا جاتا ہے تو یہ تمام عسکری کارروائیاں” روک دی جائیں گی۔واضح رہے کہ اکتوبر 2023 ءمیں اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ شروع ہونے کے بعد سے حوثی گروپ نے درجنوں میزائل حملے کیے ہیں۔ یہ حملے یا تو اسرائیل پر کیے گئے یا پھر بحیرہ احمر میں اُن بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جنہیں حوثیوں نے اسرائیل سے منسلک قرار دیا۔اس کے جواب میں اسرائیل نے یمن میں حوثیوں کے متعدد ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا۔