دبئی،(یو این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے منگل کے روز خواتین کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ہندوستان کی مایہ ناز اوپنر اسمرتی مندھانا بلے بازی اور آسٹریلیا کی الانا کنگ بالنگ کے شعبے میں دنیا کی نمبر ون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ ہندوستانی اسٹار اسمرتی مندھانا نے جنوبی افریقہ کی لورا ولوارٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ مندھانا نے گزشتہ ہفتے 58 اور 31 رنز کی اننگز کھیل کر 790 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔ ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور بھی چار درجے ترقی کے بعد ٹاپ 10 میں واپس آ گئی ہیں اور اب وہ نویں نمبر پر براجمان ہیں۔ آسٹریلیا کی لیگ اسپنر الانا کنگ نے انگلینڈ کی سوفی ایکلسٹن کی تقریباً چار سالہ برتری کا خاتمہ کر دیا ہے۔ کنگ نے 775 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے 16.71 کی اوسط سے 7 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ان کے کیریئر کی بہترین بالنگ (4/33) بھی شامل ہے۔ ٹاپ 8 بالرز میں الانا کنگ کے علاوہ مزید چار آسٹریلوی باؤلرز (ایشلے گارڈنر، اینابیل سدرلینڈ، میگن شٹ اور کم گارتھ) شامل ہیں۔ آسٹریلیا کی ایشلے گارڈنر 516 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز دوسرے اور اینابیل سدرلینڈ دو درجے ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئی ہیں۔












