بیجنگ، (یواین آئی )چین نے آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران اور دیگر فریقین کو فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ترجمان چینی وزارتِ خارجہ نے بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کے مسئلے کی اصل اور بنیادی وجہ ایران میں غیر قانونی فوجی کارروائیاں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں استحکام کے لیے طاقت کا استعمال کسی صورت درست نہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ سخت خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے چینی ترجمان نے کہا”طاقت اور جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہو سکتے۔ ہم تمام فریقین سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوجی کارروائیاں بند کر کے کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کا راستہ اپنائیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ آبنائے ہرمز کی بندش یا وہاں جاری تصادم کے عالمی سطح پر سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے سے توانائی کا سنگین بحران پیدا ہو سکتا ہے۔عالمی معیشت کو بڑے خسارے سے بچانے کے لیے اس اہم بحری گزرگاہ کو محفوظ بنانا ناگزیر ہے۔












