آل انڈیا یونانی طبّی کانفرنس کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے انعقاد پر اہم فیصلے
نئی دہلی،27مئی : ہمارا سماج :بمقام ہمدرد منزل لال کوان دلّی میں 1906 سے وجود میں آنے والی آل انڈیا یونانی طبّی کانفرنس کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ عمل میں آئی۔ اس اہم میٹنگ میں دلّی اور بیرونِ دلّی سے آئے مقتدر حکما نے شرکت کی۔ مجلس کی صدارت معروف یونانی حکیم جناب ابو بکر خان صاحب نے فرمائی اور نظامت کی فرائض از خود جنرل سکریٹری حکیم خالد صدیقی صاحب نے کی۔ حسبِ دستور پہلے رحلت سے دو چار ہونے والے مرحومین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور پھر کانفرنس کی ذریعے طب یونانی کے تئیں حکیم عبدالحمید قبلہ کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ اسکے بعد سات نکات پر مشتمل اجنڈا زیرِ بحث آیا۔ بالخصوص اس وقت طب یونانی کو درپیش مسائل کے سدِ باب پر معقول بحث ہوئی اور مجلس میں موجود ذی فہم افراد کو ان اسباب کو رفع کرنے کیلئے مختص کیا گیا۔ کل ہند سطح پر کانفرنس کی ممبر سازی کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اسکے ضوابط اور ممبران کی مفادات طے کئے گئے ۔ آئندہ کانفرنس کی سرگرمیوں کو باضابطہ اور متواتر منعقد کرنے اور اسکی رپورٹ کانفرنس کے ممبران نیز عوام تک بہم پہنچانے کا قصد بھی کیا گیا۔ اس موقع پر دلّی کانفرنس کے صدر حکیم امام الدین زکائی، حکیم مشکور احمد، حکیم ضیاء الدین ندوی، حکیم اشہر قدیر، حکیم عشرت کفیل، حکیم سلیم صدیقی، حکیم ذکي صدیقی اور حکیم عبدالباری نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔












