لندن :پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب لڑنے کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے بدھ کو ایکس پر لکھا کہ ’انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی نے عمران خان کا نام آکسفورڈ چانسلر کے الیکشن سے خارج کر دیا ہے۔ میرے وکلاء نے یونیورسٹی کو خط لکھ کر ان سے وجہ پوچھی ہے۔ ہم نے اپنی درخواست سے پہلے کئی وکلاء کی رائے بھی لی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیے ایک نقصان ہے کہ وہ اب خود کو عالمی رجحان کے حامل ادارے کے طور پر پیش کرے۔‘
زلفی بخاری نے مزید کہا کہ ’میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور معافی مانگتا ہوں جنہوں نے عالمی سطح پر ہماری حمایت کی ہے۔ میں دنیا بھر کے پاکستانیوں سے معذرت خواہ ہوں کہ میں اس کوشش میں کامیاب نہیں ہو سکا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ میری قوم اور بہت سے لوگ عمران خان کو آکسفورڈ کے نئے چانسلر کے طور پر دیکھنا پسند کریں گے۔ عمران خان کی طرف سے میں تمام امیدواروں کے لیے انتخابات میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘واضح رہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی نے چانسلر کے انتخاب کے لیے اُمیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے جس میں یونیورسٹی انتظامیہ نے 38 امیدواروں کے نام الیکشن کے لیے درست قرار دیے ہیں۔۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے نئے چانسلر کے انتخاب کا پہلا راؤنڈ 28 اکتوبرکو شروع ہوگا۔ ٹاپ فائیو امیدواروں کے درمیان 4 نومبرکو الیکشن کا دوسرا راؤنڈ ہوگا جبکہ نئے چانسلر کا اعلان 25 نومبر کو کیا جائے گا۔