نوح،میوات،سماج نیوز سروس: ہر سال کی طرح امسال بھی 19 دسمبر کے دن کو علاقہ بھر میں یوم میوات کے نام سے بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پرمیوات کے مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی آزادی میں میواتیوں کی قربانی کو یاد کر میواتی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور پسماندہ میوات کو ترقی کے راستے پر لانے کے لیے غور و خوض کیا گیا۔میوات ڈے پر سب سے بڑا پروگرام میوات کی سب سے فعال سماجی تنظیم میوات وکاس سبھا کی جانب سے ضلع پلول کے گاؤں آلی میو میں منعقد ہواجس میں علاقہ کی سینکڑوں سماجی،مذہبی و تعلیمی شخصیات نے شرکت کی۔مورخ ڈاکٹر صدیق احمد میو کی سرپرستی و اختر حسین چنددینی کی صدارت میں منعقد عظیم الشان تقریب میں میوات کی ترقی میں اپنی خدمات دینے والی شخصیات کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔اسی تناظر میں خطہ میوات میں اردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج کے لئے سرگرم تنظیم فروغ اُردو میوات کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔تنظیم کو میوات کی سب سے بڑی و فعال سماجی تنظیم سے اعزاز ملنے سے علاقہ کے محبان اردو میں خوشی کا ماحول ہے۔تنظیم کے صدر محمد صدیق سنابلی،سرپرست ڈاکٹر قمر الدین ذاکر،ماسٹر اشرف میواتی،نائب صدر خالد میواتی،سیکریٹری حافظ محمد عمران،خازن محمد اسلم،اردو ٹیچر ساہون محمد کاٹپوری،اردو لیکچرر محمد رفیق،حلقہ نوح صدرماسٹر حکیم الدین،ماسٹر ذاکر،ماسٹر نجم الدین،ماسٹر نسیم احمد،بھائی مبارک،بھائی عبدالقادر راشد نظامی وغیرہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سبھا کے سرپرست مورخ ڈاکٹر صدیق احمد،صدر اختر حسین و ایڈووکیٹ رمضان چودھری سمیت سبھی عہدے داران کا شکریہ ادا کیا ہے۔