اسرائیل:اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو نے دھماکا خیز انکشاف کرتے ہوئے اسرائیلی فوج پر عسکری انقلاب کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل نیتن یاہو کے بیٹے یائر نے بھی اس سے ملتا جلتا بیان دیا تھا۔
اسرائیلی اخبار ہاریتز کے مطابق سارہ نے سات اکتوبر سے غزہ کی پٹی میں یرغمال اسرائیلی قیدیوں کے اہل خانہ کے نمائندگان کے ساتھ ایک سابقہ ملاقات میں کہا کہ وہ فوجی قیادت پر بھروسا نہیں کرتی ہیں کیوں کہ فوج کے سینئر جنرل ان کے شوہر کے خلاف بے حد جھوٹی خبریں صحافتی اداروں کو دیتے ہیں۔
اس پر جب حاضرین میں سے کسی نے سارہ کی بات پر احتجاج کیا تو وزیر اعظم کی اہلیہ نے جواب میں کہا کہ اس بات کو نہیں سمجھا جا رہا کہ فوجی انقلاب کے واسطے ایک سنجیدہ کوشش ہو رہی ہے۔ سارہ نے اپنی گفتگو میں بارہا اس الزام کو دہرایا۔
اسرائیلی ریزرو فوج کی ایک خاتون کرنل نے واضح کیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کی اہلیہ کے بیان کی گواہ ہیں۔ مذکورہ خاتون کرنل کا اپنا بیٹا بھی حالیہ جنگ میں مارا جا چکا ہے۔
چند روز قبل وزیر اعظم نیتن یاہو کے بیٹے یائر نے بھی فوج اور شاباک (داخلہ انٹیلی جنس) پر اسی نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے۔ یائر نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹوں میں فوجی قیادت پر الزام لگایا کہ وہ ان کے والد کے خلاف فوجی انقلاب کے لیے سرگرم ہے۔












