نئی دہلی ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیںکہ میںرمضان المبارک کے بعد آپ کو شعبان کے ماہ میں سب سے زیادہ نفلی رو زوںکا اہتمام کرتے ہوئے پایا، آپ شعبان کے اکثر ایام میں روزوں کا اہتمام کرتے تھے اور اس ماہ کے روزوں کورمضان کی تیاری کے ضمن میں رکھا کرتے تھے اور اسی ماہ میںآپ کو نفلی روزوں کا اہتمام سب سے زیادہ پسند تھا، اس مبارک ماہ میں انسان کے سالانہ اعمال نامے پیش کیے جاتے ہیں جس طرح ہفتہ میں سوموار اورجمعرات اور یومیہ صلاۃ فجر اورصلاۃ عصر اور ہر ماہ میں تیرہ ، چودہ اورپندرہ تاریخوں میں نامہ اعمال پیش کرنے کا ضابطہ ہے اسی طرح شعبان سالانہ طور پر نامہ اعمال پیش کرنے کا وقت ہے ،اسی وجہ سے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس ماہ میںروزوں کا اہتمام فرماتے تھے تاکہ جب ہمارے اعمال اللہ کے دربار میں پیش کیے جائیںتو ہم اللہ کے لیے بھوکے اورپیاسے رہے ہوں۔ان خیالات کا اظہار ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر ،نئی دہلی کے صدر مولانا محمدرحمانی سنابلی مدنی نے سنٹر کی جامع مسجد ابوبکر صدیق ،جوگابائی میں خطبہ جمعہ کے دوران کیا ۔مولانا نے مسلم معاشرے میں پھیلی برائیوں پر تفصیلی گفتگو کی اورملت کو ان برائیوں سے بچنے کی تلقین بھی کی ۔ انہوںنے شعبان اور رمضان کی عبادتوں کو بہترین اجر والی عبادت قراردیتے ہوئے کہا کہ لاعلمی کی وجہ سے ہمارے بہت سارے لوگ ان مہینوںکو ضائع کردیتے ہیں اس سلسلے میں ذی علم لوگوں کو چاہئے کہ وہ معاشرے میں پھیلے بیجا رسومات سے عوام کو آگاہ کریں۔












