نوح،میوات،5جون،سماج نیوز سروس: صوبہ کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کی رہائش گاہ پر مسلم کمیونٹی کے مسائل سننے کے مقصدسے منعقد پروگرام میں خطہ میوات کے مسائل کو اٹھانے راجستھان وقف بورڈ کے چیرمین ڈاکٹر خانو خان کی دعوت پر علاقہ میوات کے معروف و سرگرم سماجی کارکن زبیر احمد الوری صدر میوات وکاس پنچایت الور بھی ایک وفد کے ساتھ پروگرام میں پہنچے اور میوات کے مسائل کو بڑے ہی زور دار طریقے سے وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھا ۔ زبیر الوری کے ساتھ وفد میں شامل حاجی سبحان خان نائب صدر میوات وکاس پنچایت ،ساجد حسین سکریٹری میوات وکاس پنچایت ،صدیق امیر صاحب و مولانا ہارون جھنتالی سابق سرپنچ اور نائب صدر میوات وکاس پنچایت وغیرہ نے میوات کے مسائل سے متعلق ایک میمورنڈم وزیر اعلیٰ اشوکت گہلوت کو سونپا ۔ اس موقع پر میوات ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین زبیر خان بھی خاص طور سے موجودرہے ۔ وفد نے جہاں وزیراعلیٰ سے رکبر قتل معاملے میں حال ہی میں آئے فیصلے پر اپنی ناراضگی ظاہر کی اور سزا کو ناکافی سمجھتے ہوئے افسران کو ہائی کورٹ میں اپیل کی بات رکھی وہیںگاؤں مرزا پور سے گاؤں بھونڈ ہریانہ سرحد تک ،کشن گڑھ باس اور پہاڑی و کاما کو جوڑنے والی سڑکوں کو جلد کام شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ اشوکت گہلوت نے وفد کو مذکورہ مطالبات کو جلدپورا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ بڑے ہی خوشگوار ماحول و بڑی ہی دلچسپی کے ساتھ میواتی مسائل کو سننے پر میواتی وفد کافی خوش نظر آیا ۔ وفد کے ممبران خاص طور سے زبیر احمد الوری نے میواتی مسائل کو جلد پورا کرنے کی کرائی گئی یقین دہانی و بڑے اچھے انداز میں مسائل کو سننے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ہے۔