دیوبند، (رضوان سلمانی)
محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے سہارنپور شہر میں صنعت کاروں ، کاروباریوں اور سی اے کے یہاں چھاپے ماری کی ، محکمہ انکم ٹیکس کی اس کارروائی سے سہارنپور شہر کے تاجروں میں افراتفری مچی رہی ، گزشتہ دیر شام تک یہ کارروائی جاری رہی۔ محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم کی تقریباً 10سے زیادہ گاڑیاں گزشتہ کل صبح 5بجے سہارنپور پہنچی، غازی آباد، دہلی، دہرہ دون، آگرہ، کانپور وغیرہ مقامات کے محکمہ انکم ٹیکس کے افسران کی ٹیم نے الگ الگ 10مقامات پر چھاپہ مارا۔ اطلاع کے مطابق انکم ٹیکس کی ٹیم نے کورٹ روڈ پر واقع نوین جیولرس اور ان کے مالک نوین متل کے چرج کمپاﺅنڈ میں واقع مکان پر بھی چھاپہ ماری کی ۔ انکم ٹیکس کی ٹیم نے شہد کاروباری مہتہ برادر راجیش ، مکیش، سنجے مہتہ کے لکشمی نگر ، سبھاش نگر مکانات پر بھی چھاپہ کی کارروائی عمل میں آئی۔ ان کا شہد کا بڑا کاروبار ہے جو پتنجلی اور ڈابر کو شہد سپلائی کرتے ہیں۔ ان کے گودام اور ہوٹل پر بھی چھاپہ مارا گیا ، ایک ٹیم نے احمد باغ میں سی اے سنجے دھینگڑا کے مکان پر بھی چھاپہ مارا ہے ، ان کے علاوہ ٹیم نے لوہے کے نٹ بولٹ کے کاروباری مدن لال بھاٹیہ کے یہاں بھی چھاپہ کی کارروائی کی گئی۔ ٹیم نے ان کے لوہانی سرائے میں واقع دوکان مشن کمپاﺅنڈ میں واقع مکان اور دہرہ دون روڈ پر راکیش کیمیکلس کے پاس واقع گودام پر بھی چھاپہ مارکر دستاویزات جمع کئے۔ ہارڈویئر کاروباری بھاٹیہ کا ٹرانسپورٹ کا کام اوم باپو ٹرانسپورٹ سے ہوتا ہے ،اطلاع ملنے پر انکم ٹیکس کی ٹیم نے ٹرانسپورٹ نگر میں واقع اوم باپو ٹرانسپورٹ اور اس کے مالک سیم ککڑ کے حقیقت نگر مکان پر بھی جاکر چھاپہ ماری کی ۔ ضلع سہارنپور کے بڑے کاروباریوں ، صنعت کاروں کے یہاں انکم ٹیکس کے چھاپے پڑنے سے سہارنپور شہر کے تاجران اور کاروباریوں میں کھلبلی مچی رہی ۔ دن بھر ضلع کے کاروباری ان مقامات پر نظر لگائے رہے جہاں پر ٹیم کارروائی کررہی تھی ، کچھ کاروباریوں کاکہنا ہے کہ ابھی کچھ اور بھی اس کی زد میں آسکتے ہیں۔ انکم ٹیکس ٹیم کے ذریعہ ایک ساتھ سبھی مقامات پر کی گئی کارروائی کے بعد ٹیم نے سبھی دستاویزات اپنے قبضہ میں لے لئے، ان سبھی دستاویزات کی جانچ کی گئی ، ساتھ ہی سی اے شہد کاروباری ، نٹ بولٹ کاروباری، صراف کاروباری اور ٹرانسپورٹ کے مالک سے برابر پوچھ تاچھ کی گئی۔ انکم ٹیکس ٹیم کی کارروائی دیر رات تک جاری رہی، ٹیم کی سیکورٹی کے لئے فورس تعینات کی گئی تھی ۔