نئی دہلی:ہندوستان اور فرانس نے دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے اور اس کے تحت حکومت کے ڈریم منصوبے میک ان انڈیا پر خصوصی زور دیا جائے گا۔اس سلسلے میں ایک معاہدہ پیر کو یہاں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور فرانس کے وزیر دفاع سیبسٹین لورکونو کی مشترکہ صدارت میں منعقدہ چوتھے ہندوستان-فرانس دفاعی مذاکرات کے دوران طے پایا۔ ملاقات میں دوطرفہ، علاقائی، دفاعی اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت کے دوران مستقبل میں شراکت داری اور مشترکہ پروڈکشن کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے تکنیکی گروپ اگلے سال کے اوائل میں مل کر تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔دونوں وزراء نے اسٹریٹجک اور دفاعی شعبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور ہند-بحرالکاہل خطے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ، علاقائی اور کثیر جہتی فورمز پر تعاون کو بڑھانے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔