نئی دہلی، شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میںمسلمانوں کو تاکید کی کہ تو بہ و استغفار و اخلاص کے ساتھ دعاؤں کا اہتمام کریں ۔مسجد فتح پوری میںجلسہ شب برا ءت اور عرس حضرت مفتی اعظم ؒ کا اہتمام ۷ مارچ بروز منگل ہوگا ۔مفتی مکرم نے کہا کہ سب لوگ ہندوستان کوبین الاقوامی طور پر عظیم ملک دیکھناچاہتے ہیں لیکن یہ مقام صرف زبانی جمع خرچ سے حاصل نہیںہوگا ۔میڈیا میں خوشامدی لوگوں کی طرف سے واہ واہی کرنے سے ہندستان کو عالمی طور پر اعلی مقام ملنا ممکن نہیں ہے ۔ہندوستانی عدالتوں سے بھی کچھ میڈیا سینٹروں پر پھٹکار لگ چکی ہے ۔اگر ہندوستان کو بین الاقوامی طور پر اپنا بھرم برقرار رکھنا ہے تو اسے تعصب ، منافرت اور مذہبی تشدد سے باہر نکلنا ہوگا ۔انہوںنے مسلمانوں سے اپیل کی کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کی طرف خصوصی طور پر دھیان دیں بہت کم لوگ اس کی اہمیت کو سمجھ رہے ہیں ۔آج کل سالانہ امتحانات چل رہے ہیں ۔پورے سال کی محنت کا دارو مدار ان امتحانات پر ہوتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ نئے ایڈمیشن بھی آج کل ہو رہے ہیں بچوں کا ایڈمیشن اچھے اسکول میں کرائیں لیکن ان کی اسلامی تعلیم و تربیت کو نظر انداز نہ کریں ۔بچپن میں اگر بچے دین سے دور ہو جائیں گے تو بعد میں دینی مزاج بننا ناممکن ہو جائے گا۔