چنئی (یو این آئی) اسنیہ رانا (آٹھ وکٹ) کے شاندار اسپیل کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے بلے بازی کے لئے مفید چیپاک کی فلیٹ پچ پر مہمان جنوبی افریقہ کو پہلی اننگ میں 266 رنز پر ڈھیر کر کے 337 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔آج صبح جنوبی افریقہ نے چار وکٹ پر 236 رنزکے کل کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ کل کھیل کے اختتام پر، ماریزان کاپ (69) اور نادین ڈی کلرک (27) نے اننگ کو آگے بڑھایا۔ اسنیہ رانا نے ابتدائی اسپیل میں ماریزان کاپ (74) کو بولڈ کرکے جنوبی افریقہ کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد تو جنوبی افریقی ٹیم صرف 30 رنز کا اضافہ کرکے تاش کے پتوں کی طرح بکھرگئی۔ نادین ڈی کلرک (39)، سینالو جافتا (0)، اینری ڈرکسن (5)، مساباتا کلاس (1) اور نونکولیکو ملابا (2) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 266 رنز پر سمیٹ گئی۔ ہندوستان کو پہلی اننگ میں بنائے گئے (چھ وکٹوں پر 603 اننگ ڈکلیئر) کے اسکور کی بنیاد پر 337 رنوإ کی برتری حاصل ہوئی ہے۔ہندوستان کے لیے اسنیہ رانا نے 25.3 میں 77 رنز دے کر آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ دیپتی شرما کو 21 اوور میں 47 رن دے کر دو وکٹ ملے۔












