نئی دہلی، (یو این آئی): کرکٹ کی تاریخ میں کئی بار ایسا ہوا ہے جب بھائیوں کی جوڑیوں نے ایک ہی ٹیم میں ساتھ کھیل کر یا حریف بن کر میدان میں جذباتی ماحول پیدا کیا۔ چاہے وہ آسٹریلیا کے چیپل بھائی ہوں، اسٹیو وا اور مارک وا کی جوڑی، یا پھر جنوبی افریقہ کے ایلبی اور مورنے مورکل؛ ان بھائیوں کی کہانیاں کرکٹ کا اہم حصہ رہی ہیں۔ہندوستان میں امرناتھ بھائیوں (موہندر، سریندر اور راجندر) سے لے کر پٹھان بھائیوں (عرفان اور یوسف) اور پانڈیا برادرز (ہاردک اور کرونال) نے اپنی نشانی چھوڑی ہے۔ پاکستان کے مشہور محمد برادرز اور نیوزی لینڈ کے ہیڈلی بھائیوں نے بھی اس کھیل کو جلا بخشی۔ ایک دلچسپ مثال سیم کرن کی ہے جو انگلینڈ کے لیے کھیلتے ہیں، جبکہ ان کے بھائی بین کرن اب زمبابوے کی نمائندگی کرتے ہیں۔تاہم، اتوار کو ہونے والے پاک-ہند مقابلے (سپر 8) میں مورکل بھائیوں کا ٹکراؤ ایک بالکل الگ نوعیت کا ہوگا۔ اب وہ بطور کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف نہیں کھیلیں گے، بلکہ مخالف ‘ڈگ آؤٹ میں بیٹھ کر ایک دوسرے کے خلاف حکمتِ عملی تیار کریں گے۔احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں جب انڈیا اور پروٹیاز (جنوبی افریقہ) کا سامنا ہوگا، تو جوہانسبرگ میں ان کا آبائی گھر جذبات میں بٹا ہوا ہوگا۔ ایلبی مورکل اس ٹورنامنٹ کے لیے جنوبی افریقہ کے ‘اسپیشلسٹ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں، جبکہ مورنے مورکل ہندوستانی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی قیادت میں ٹیم انڈیا کے ‘بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔میچ سے دو دن قبل مورنے مورکل نے اعتراف کیا کہ مقابلے کی وجہ سے دونوں بھائیوں کے درمیان رابطہ کم رہا ہے۔ انہوں نے کہا: "میں نے اسے گراؤنڈ پر آتے دیکھا، لیکن ہم زیادہ بات نہیں کر رہے، اسے دیکھ کر اچھا لگا۔”جب ایلبی سے اس بڑے مقابلے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا: نہیں، ہم ایک دوسرے سے بات نہیں کر رہے، مجھے لگتا ہے کہ میری ماں ہم سے زیادہ پریشان ہیں۔ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ وہ انڈیا کی حمایت کریں یا جنوبی افریقہ کی!”یہ دونوں بھائی اس سے قبل 2022 کے ٹی-20 ورلڈ کپ میں بھی مختلف کوچنگ کرداروں میں نظر آئے تھے، لیکن اب ان کا سفر مزید معتبر ہو چکا ہے۔ مورنے مورکل آئی پی ایل اور ایس اے-20 میں کوچنگ کے بعد اب ہندوستانی ٹیم کے گیند بازی کے شعبے کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ ایلبی مورکل چنئی سپر کنگز اور جوبرگ سپر کنگز کے سیٹ اپ سے وابستہ رہے ہیں۔اتوار کو جہاں تمام نظریں میدان کے کھلاڑیوں پر ہوں گی، وہیں پسِ پردہ ان دو بھائیوں کے درمیان ایک خاموش مگر سخت مقابلہ ہوگا۔












