ممبئی، (یواین آئی )اسٹار کھلاڑی اناہت سنگھ بدھ کے روز ممبئی کے سی سی آئی بریبورن اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے انڈین اوپن 2026 اسکواش ٹورنامنٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ 18 مارچ سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کے پہلے ایڈیشن میں اناہت سنگھ نے ہانگ کانگ کی ہیلن ٹینگ کو ہرا کر خواتین کا ٹائٹل جیتا تھا۔17 سالہ اناہت سنگھ اس وقت عالمی درجہ بندی میں 20 ویں نمبر پر ہیں اور ٹورنامنٹ کے خواتین کے زمرے میں انہیں ٹاپ سیڈ (پہلی ترجیح) حاصل ہے۔اناہت فروری میں واشنگٹن میں منعقدہ ‘اسکواش آن فائر اوپن میں اپنا پہلا پی ایس اے برونز لیول ٹائٹل جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔ خواتین کے 22 رکنی زمرے میں تجربہ کار جوشنا چنپا (پانچویں سیڈ)، تنوی کھنہ (نویں سیڈ)، رادھیکا سیلن اور شمینہ ریاض بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گی۔ایشیائی کھیلوں کے تمغہ یافتہ ابھے سنگھ گزشتہ سال رنر اپ رہنے کے بعد اس بار اپنے مظاہرے کو مزید بہتر بنانے کی امید کر رہے ہیں۔مردوں کے 24 رکنی زمرے میں ریمت ٹنڈن، ویر چوترانی اور ویلون سینتھل کمار بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں سیڈڈ کھلاڑی کے طور پر شامل ہیں۔












