پنجی،(یو این آئی )کولکاتا رائل ٹائیگرز کے مالک سورو گانگولی نے کہا ہے کہ انڈین ریسنگ فیسٹیول (آئی آر ایف) موٹر اسپورٹس کے لیے وہی حیثیت رکھتا ہے جو کرکٹ میں آئی پی ایل کی ہے۔ ان کے مطابق اسٹریٹ ریسنگ صرف گاڑی کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کے کردار، نظم و ضبط اور فیصلہ سازی کا امتحان ہوتی ہے۔گانگولی نے کہا کہ جیسے کرکٹ میں دباؤ کے لمحات کھلاڑی کی اصل صلاحیت ظاہر کرتے ہیں، ویسے ہی شہر کی سڑکوں پر ہونے والی ریسنگ میں معمولی غلطی کی بھی گنجائش نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ اسٹریٹ سرکٹس پر ٹیموں کو زیادہ ذمہ داری اور کنٹرول کے ساتھ ریس کرنا پڑتی ہے۔گووا میں 14 اور 15 فروری کو ہونے والی اسٹریٹ ریس ایک نئے اور چیلنجنگ سرکٹ پر منعقد ہوگی، جہاں تیاری کا دارومدار رفتار سے زیادہ غیر یقینی حالات کو سنبھالنے پر ہوگا۔ گانگولی کے مطابق اس فارمیٹ نے موٹر اسپورٹس کو شائقین کے لیے زیادہ پُرکشش اور قابلِ رسائی بنا دیا ہے، بالکل ویسے ہی جیسے آئی پی ایل نے کرکٹ کو نئی پہچان دی۔












