سید پرویز قیصر
پروڈینس میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان نے دفاعی چمپئین انگلینڈ کو68 رن سے شکست دیکر تیسری مرتبہ ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ اس سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے ہندوستان سے بلے بازی کرائی جس نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر171 رن بنانے کے بعد انگلینڈ کے سبھی کھلاڑیوں کو 16.4 اوور میں 103 رن پر آوٹ کرکے فائنل تک رسائی کی۔
اس عالمی کپ سے پہلے ہندوستانی ٹیم نے دو مرتبہ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جس میں ایک مرتبہ اسے کامیابی ملی ہے اور ایک مرتبہ شکست ہوئی ہے۔ پہلا ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ جنوبی افریقہ میں2007 میں کھیلا گیا تھا۔ اس عالمی کپ میں اس کا مقابلہ فائنل میں روائتی حریف پاکستان سے ہوا تھا۔ جوہانسبرگ میں24 ستمبر2007 کو کھیلے گئے فائنل میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں پانچ وکٹ پر 157 رن بنائے تھے۔ گوتم گمبھیر کے76 منٹ میں54 بالوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے گئے75 رنوں کی بدولت ہندوستان کا یہ اسکور ممکن ہوسکا تھا۔پاکستان کی جانب سے عمر گل سب سے کامیاب بالر رہے ۔ انہوں نے چار اوور میں 28 رن دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پاکستان کے سبھی کھلاڑی 19.3 اوور میں152 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جسکی وجہ سے اسے فائنل میں پانچ رن سے شکست ہوئی تھی۔ میچ کے آخری اوور میں پاکستان کو13 رن درکار تھے۔ تیز بالر جوگندر شرما آخری اوور کرانے آئے تھے۔ پہلی بال وائیڈ قرار دی گئی ۔ جب یہ بال دوبارہ کرائی گئی تو پاکستان کے کپتان مصبا ح الحق اس پر کوئی رن نہیں بناسکے۔ دوسری بال پر مصباح الحق نے شاندار چھکا لگاکر پاکستان پر سے دباو کافی کم کردیا تھا۔ چار بالوں پر چھ رن کی ضرورت تھی۔ تیسری بال پر مصباح الحق نے اسکروپ کرکے اسکوائر لیگ باونڈری پر چھکا مارنے کی کوشش کی بال صحیح طرح سے انکے بلے پر نہیں آئی اور سری سنت نے باونڈری کے پاس ان کا کیچ لیکر ہندوستان کو ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنوادیا۔ مصباح الحق نے51 منٹ میں38 بالوں پر چار چوکوں کی مدد سے43 رن بنائے تھے۔ ردر پرتاپ سنگھ نے چار اوور میں26 رن دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ عرفان پٹھان نے چار اوور میں16 رن دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور مین آف دی میچ بنے۔
بنگلہ دیش میں2014 میں ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں ہندوستان نے دوسری مرتبہ فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا اور اس مرتبہ اسے فائنل میں شکست ہوئی تھی۔ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ پر 130 رن بنائے تھے۔ وراٹ کوہلی کے علاوہ کوئی اور ہندوستانی بلے باز سری لنکا کے بالروں کا مقابلہ نہیں کرسکا۔ وہ75 منٹ میں58 بالوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے77 رن بناکر رن آوٹ ہوئے تھے۔ سری لنکا نے17.5 اوور میں چار وکٹ پر 134رن بناکر میچ چھ وکٹ سے جیتا لیا تھا۔ کمار سنگا کارا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے39 منٹ میں35 بالوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رن بنائے اور وہ آوٹ نہیں ہوئے۔انہیں مین آٖ ف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ سری لنکا نے ابھی تک صرف ایک مرتبہ ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ جیتا ہے۔
جنوبی افریقہ اور ہندوستان دونوں ٹیمیں کوئی میچ ہارے بغیر فائنل میں پہنچی ہیں۔جنوبی افریقہ نے اپنے سبھی آٹھ میچ جیتے جبکہ ہندوستان نے سات میچ جیتے ۔ کنیڈا کے خلاف ہندوستان کا میچ مکمل طور پر بارش کی نذر ہوا تھا۔












