انڈین ویلز (کیلیفورنیا)، ( یو این آئی) انڈین ویلز ماسٹرز میں ایک بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا ہے جہاں برطانوی ٹینس اسٹار اور دفاعی چیمپئن جیک ڈریپر نے عالمی شہرت یافتہ نوواک جوکووچ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اعصاب شکن مقابلے میں 38 سالہ جوکووچ کو 6-4، 4-6، 7-6(5) سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سربین اسٹار نوواک جوکووچ نے کہا”اس وقت میرے دل میں ایک تلخ احساس ہے۔ اس طرح کا میچ ہارنے پر دکھ ہوتا ہے، لیکن مجھے فخر ہے کہ میں نے آخری لمحے تک ہمت نہیں ہاری اور کورٹ پر اپنا سب کچھ جھونک دیا۔تیسرے سیٹ میں ایک طویل 26 شاٹس کی ریلی جیتنے کے بعد جوکووچ کافی تھکے ہوئے نظر آئے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس طویل پوائنٹ کو جیتنے کے بعد وہ جسمانی طور پر نڈھال ہو گئے تھے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈریپر نے ان کی سروس بریک کی۔جیک ڈریپر، جو بازو کی انجری کے بعد اپنے صرف دوسرے ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہے ہیں، نے شاندار کھیل پیش کیا۔ جوکووچ نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جسمانی طور پر بہت مضبوط ہیں اور انتہائی اعلیٰ معیار کی ٹینس کھیل رہے ہیں۔












