کیلیفورنیا، (یواین آئی )امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں جاری ڈبلیو ٹی اے انڈین ویلز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں بیلاروس کی عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار آریانا سبالینکا نے اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ویمنز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ کھلاڑی نے تیسرے راؤنڈ میں رومانیہ کی جیکولین کرسٹیان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی۔27 سالہ آریانا سبالینکا نے بہترین فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی حریف جیکولین کرسٹیان کو اسٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 1-6 سے مات دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی سبالینکا نے ٹاپ 16 راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں ان کا سامنا جاپان کی سابق عالمی نمبر ون نائومی اوساکا سے ہوگا۔دوسری جانب، جاپان کی نائومی اوساکا نے بھی تیسرے راؤنڈ میں کولمبیا کی ماریا کیملا اوسوریو سیرانو کے خلاف سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔ اوساکا نے اپنی حریف کو 1-6، 6-3 اور 1-6 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ اب ٹینس شائقین کی نظریں سبالینکا اور اوساکا کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز مقابلے پر جمی ہوئی ہیں، جسے ٹورنامنٹ کا ایک بڑا ٹکراؤ قرار دیا جا رہا ہے۔












