سید پرویز قیصر
نویں چمپینزٹرافی میں ہندوستانی ٹیم اپنا پہلامیچ بنگلہ دیش کے خلاف دوبئی کے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات (20 فروری) کو کھیلے گی۔ ہندوستان کوچمپینزٹرافی میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے اور سب سے زیادہ میچ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس نے29 میچوں میں سے18 میچ جیتے ہیں، آٹھ میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے اور تین میچ نامکمل رہے ہیں۔
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ابھی تک مپینزٹرافی میں جو دو میچ کھیلے گئے ہیں اس میں دونوں میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔مجموعی طور پر دونوں کے درمیان ابھی تک جو41 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں ہندوستان نے32 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ بنگلہ دیش نے آٹھ میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میچ نامکمل رہا ہے۔
دوبئی کے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ابھی تک جو دو ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں ان دونوں میں کامیابی ہندوستانی ٹیم کو ملی ہے۔ اس میدان پر ہندوستان کیلئے بنگلہ دیش کے خلاف جیت کی ہیٹ ٹرک کرنے کا سنہری موقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ چمپینزٹرافی میں بھی بنگلہ دیش کے خلاف لگاتار تیسرے جیت حاصل کرسکتی ہے۔
دونوں کے درمیان جو آخری پانچ ایک روزہ بین الاقوامی ہوئے ہیں اس میں ہندوستان نے دو اور بنگلہ دیش نے تین میچوں میں کامیابی اپنے نام کی ہے۔ بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان جو آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ پونہ میں19 اکتوبر2023 کو ہوا تھا جو ہندوستان نے سات وکٹ سے جیتا تھا۔ عالمی کپ کے اس میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 256 رن نائے تھے۔ ہندوستان نے41.3 اوور میں تین وکٹ پر 261 رن بناکر میچ سات وکٹ سے جیت لیا تھا۔
ہندوستان کا بنگلہ دیش کے خلاف سب سے بڑا اسکور 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 409 رن ہے جو اس نے چتا گانگ میں10 دسمبر 2022 کو بنایا تھا۔ بنگلہ دیش کا ہندوستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور49.4 اوور میں307 رن ہے جو اس نے میرپور،ڈھاکہ میں 18 جون2015 کو بنایا تھا۔
میر پور،ڈھاکہ میں17 جون2014 کو ہوئے میچ میں بنگلہ دیش کے سبھی کھلاڑی 17.4 اوور میں 58 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ اسی میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کے سبھی کھلاڑی 25.3 اوور میں105 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جو اس کا بنگلہ دیش کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔
ایشان کشن نے چتا گانگ میں 10 دسمبر2022 کو ہوئے میچ میں169 منٹ میں131 بالوں پر24 چوکوں اور دس چھکوں کی مدد سے 210 رن بنائے تھے جو ہندوستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ بنگلہ دیش کے لئے ہندوستان کے خلاف سب سے بڑی اننگ کھیلنے کا اعزاز لٹن داس کے پا س ہے جنہوں نے دوبئی میں28 ستمبر2018 کو ہوئے میچ میں117 بالوں پر بارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے121 رن بنائے تھے۔
اسٹورٹ بنی نے میر پور،ڈھاکہ میں17 جون2014 کو ہوئے میچ میں4.4 اوور میں چار رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا جو ہندوستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ہندوستان کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ مستفیز الرحمان کے پاس ہے جنہوں نے میرپور، ڈھاکہ میں21 جون 2015 کو ہوئے میچ میں دس اوور میں 43 رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔
فیصل فیچرس