جکارتہ(ہ س)۔انڈونیشا جنگ زدہ فلسطینیوں کو اپنے ہاں عارضی پناہ دینے کے لیے تیار ہے۔ اس امر کا اظہار انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے بدھ کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کیا ہے۔انڈونیشا کے صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ مشرق وسطیٰ اور ترکیہ کے دورے کا آغاز کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘وزیر خارجہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیگھر فلسطینیوں کو انڈونیشیا لانے کے لیے اقدمات کے سلسلے میں بات چیت کا آغاز کریں۔صدر پرابوو نے کہا ‘ہم زخمی، صدمے سے دوچار اور یتیم فلسطینیوں کو جنگ زدہ علاقے سے نکالنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ‘یہ فلسطینی اس وقت تک انڈونیشیا میں رہیں گے جب تک وہ مکمل صحت یاب نہیں ہوجاتے، غزہ میں حالات ان کی واپسی کے لیے سازگار نہیں ہوتے اور غزہ محفوظ نہیں ہوجاتا۔پرابوو نے مزید کہا انڈونیشیا فلسطینی تنازعے کے خاتمے اور حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔