ویلنگٹن (یو این آئی) نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز بین سیئرز گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے ہندوستان کے دورے سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ ان کیپڈ تیز گیند باز جیکب ڈفی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سیئرز سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران پریکٹس کے دوران بائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے اور نیوزی لینڈ میں ان کا اسکین ہوا تھا۔ اسی وجہ سے وہ ٹیم کے ساتھ ہندستان بھی نہیں آئے۔ ڈاکٹروں نے انہیں چند روز مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ سیئرز کی جگہ ڈفی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ڈفی نے نیوزی لینڈ کے لیے محدود اووروں کی بین الاقوامی کرکٹ کھیلی ہے۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 299 وکٹیں حاصل کی ہیں۔نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا، “ہم بین (سیئرز) کے باہر ہونے سے مایوس ہیں، جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا شاندار آغاز کیا تھا۔ وہ ہمارے لیے تیز گیند بازی کا بہترین آپشن ہیں۔ اگرچہ یہ یقینی نہیں ہے کہ وہ کب تک باہر رہیں گے، لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ ساتھ ہی یہ جیکب (ڈفی) کے لیے بھی ایک بڑا موقع ہے۔