ممبئی،پریس ریلیز،ہماراسماج:گنجان مسلم آبادی والے شہر مالیگاؤں میں دو سال قبل پانچ سالہ کمسن محمد کیف کا انتہائی بے دردی سے قتل کرنے والے ملزم لکشمن جگناتھ سونونے نامی شخص نے اس کی ضمانت پر رہائی کی عرض داشت بامبے ہائی کورٹ میں داخل کی ہے۔ گذشتہ کل بامبے ہائی کورٹ میں لکشمن سونونے کی ضمانت عرضداشت پر سماعت عمل میں آئی جس کے دوران محمد کیف کے والد کی جانب سے بطور مداخلت کار ایڈوکیٹ متین شیخ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ ضمانت عرضداشت پر سماعت سے محض ایک رات قبل محمد کیف کے والد کو مالیگاؤں کے عائشہ نگر پولس اسٹیشن نے مطلع کیا ہے لہذا ضمانت عرضداشت پر ہونے والی سماعت ملتوی کی جائے اور ملزم لکشمن سونونے کی جانب سے داخل کردہ ضمانت عرضداشت کی نقل فراہم کی جائے۔ایڈوکیٹ متین شیخ نے جسٹس شیو کمار دیگے کو مزید بتایا کہ ملزم پر کمسن بچے کو قتل کرنے کا انتہائی سنگین الزام پولس نے عائد کیا ہے لہذا ملزم کی ضمانت عرضداشت پر سماعت کے دوران محمد کیف کے والد محمد الیاس عتیق احمدکے اعتراض کی سماعت بھی کی جائے۔ جسٹس شیوکمار دیگے نے ایڈوکیٹ متین شیخ کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے ملزم لکشمن سونونے کے وکیل کو ہدایت دی کہ وہ ضمانت عرضداشت کی کاپی ایڈوکیٹ متین شیخ کو مہیا کرائے، ہائی کورٹ نے اس مقدمہ کی اگلی سماعت 27/ مارچ کو کیئے جانے کا حکم جاری کیا۔جمعیۃ علماء مالیگاؤں کی درخواست پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) بامبے ہائی کورٹ میں ملزم لکشمن سونونے کی ضمانت عرضدشت کی مخالفت کررہی ہے۔مالیگاؤں سیشن عدالت میں بھی محمد کیف کے والد کی جانب سے جمعیۃ علماء مالیگاؤں بطور مداخلت کار پیش ہورہی ہے، ایڈوکیٹ نیاز احمد لودھی نے سیشن عدالت میں ملزم کو ضمانت پر رہا کیئے جانے کی مخالفت کی تھی، ایڈوکیٹ نیاز احمد لودھی کی بروقت مخالفت کی وجہ سے سیشن عدالت مالیگاؤں نے ملزم لکشمن سونونے کی ضمانت عرضداشت مسترد کردی تھی، ملزم لکشمن سونونے نے سیشن عدالت کے فیصلے کو بامبے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ملزم لکشمن سونونے مقدمہ کی سماعت میں ہونے والی تاخیر اور ایف آئی آر میں نام درج نا ہونے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہے، ہائی کورٹ میں داخل پٹیشن میں اس نے تحریر کیا ہے کہ عائشہ نگر پولس اسٹیشن کی جانب سے داخل کردہ ایف آئی آر نمبر 4/2024میں کسی کا بھی نام نہیں اس کے باوجود اس کو صرف اس وجہ سے گرفتار کیا گیا کہ محمد کیف آخری مرتبہ اس کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔پولس نے ملزم لکشمن سونونے پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے کمسن محمد کیف کو اغواہ کرکے چاندوڑ کی پہاڑیوں میں لیکر گیا او ر اسے کئی دن تک بھوکا پیاسا رکھا اور پھر بعد میں انتہائی بے دردی سے اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔محمد کیف کی لاش کو مالیگاؤں پولس نے ملزم لکشمن سونونے کی نشاندہی پر چاندوڑ کی دور دراز پہاڑیوں سے حاصل کیا تھا اور پھر اس کا مالیگاؤں کے سول اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا جس میں یہ واضح ہوا کہ محمد کیف کو انتہائی بے دردی سے قتل کیا گیاتھا۔












