احمد آباد، (یو این آئی ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے باقاعدہ آغاز سے قبل گجرات ٹائٹنز کے ہیڈ کوچ اشیش نہرا نے ٹیم کے عزائم کو واضح کر دیا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ٹیم کا واحد مقصد میدان میں مقابلہ کرنا اور ٹرافی جیتنا ہے۔ شبھ آرمبھ 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جہاں فرنچائز کے مالکان، کھلاڑی اور مداح ایک بڑی تعداد میں موجود تھے، نہرا نے ٹیم کی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالی۔ نہرا کا کہنا تھا کہ اس سیزن میں کچھ مختلف سوچنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، "اصل میں مجھے نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سوچنا ہے، کیونکہ میدان میں انہوں نے کھیلنا ہے، میں تو باہر بیٹھتا ہوں۔ کوچ نے اس بات پر زور دیا کہ ایک نئی ٹیم ہونے کے ناطے لوگ سمجھ سکتے تھے کہ ہمیں سیٹ ہونے میں وقت لگے گا، لیکن ہمارا نظریہ پہلے دن سے صاف تھا کہ ہم یہاں جیتنے کے لیے آئے ہیں۔












