ڈبلن :تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
منگل کو ڈبلن کے کاسل ایونیو سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 179 کے ہدف کو پاکستانی ٹیم نے 17 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 75، محمد رضوان نے 56 اور اعظم خان نے 18 رنز بنائے۔آئرلینڈ کی جانب سے مارک اڈائر نے تین جبکہ کریگ ینگ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سست انداز میں کیا گیا اور آؤٹ آف فارم بیٹر صائم ایوب ایک مرتبہ ناکام رہے۔پاکستان کو پہلا جھٹکا 16 رنز پر لگا جب صائم ایوب 14 رنز بنا کر مارک اڈائر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد محمد رضوان اور بابر اعظم نے تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شراکت کا آغاز کیا۔دونوں بیٹرز نے آئرش بولرز کو کوئی بڑا موقع فراہم نہ کیا اور آسانی سے رنز بناتے رہے جس کے بعد یہ شراکت داری جارحانہ ہوگئی۔
بابر اعظم اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کے لیے 139 رنز کی شراکت قائم کی جس میں دونوں بیٹرز نے میدان کے چاروں اطراف خوب شاٹس کھیلیں۔اس شراکت کے دوران دونوں بیٹرز نے اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں اور ٹیم کو آسان جیت کے قریب لا کھڑا کیا۔
وکٹ کے لیے ترستی آئرش ٹیم کو دوسری کامیابی 155 کے ٹیم سکور پر ملی جب محمد رضوان 56 رنز مارک اڈائر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد آئرلینڈ کو بابر اعظم کی وکٹ بھی جلد ہی مل گئی جو 75 رنز بنا کر بین ینگ کی گیند پر کرٹس کیمفر کو کیچ دے بیٹھے۔آئرلینڈ کو چوتھی وکٹ افتخار احمد کی ملی جو صرف 5 رن بنا کر مارک اڈائر کا شکار بن گئے۔
اس سے قبل آئرلینڈ نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔آئرلینڈ کی جانب سے لورکان ٹکر نے 73، اینڈی بالبرنی نے 35 جبکہ ہیری ٹیکٹر نے 30 رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے تین، عباس آفریدی نے دو جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آئرلینڈ کو پہلا نقصان دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر ہی ہوگیا جب شاہین آفریدی کی گیند پر روس اڈائر کلین بولڈ ہوگئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد اینڈی بالبرنی اور کپتان لورکان ٹکر نے کسی بھی قسم کا دباؤ نہ لیا اور پاکستانی بولرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی۔
اینڈی بالبرنی اور لورکان ٹکر نے گراؤنڈ کے چاروں جانب چوکے اور چھکے لگائے جبکہ اس شراکت کے دوران پاکستانی بولرز بے بسی کی علامت بنے رہے۔دونوں بیٹرز کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 49 گیندوں پر 85 رنز کی پراعتماد شراکت دیکھنے کو ملی۔
یہ شراکت پاکستان کے لیے مشکلات سے بھرپور بنتی جا رہی تھی کہ اس دوران عباس آفریدی نے 35 کے انفرادی سکور پر اینڈی بالبرنی کو محمد رضوان کے شاندار کیچ کی بدولت پویلین واپس بھیج دیا۔
پاکستان کو تیسری وکٹ لورکان ٹکر کی ملی جو 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد عماد وسیم کی وکٹ بن گئے۔اس شراکت کے بعد کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولرز کے خلاف جم کر نہ کھیل سکا اور میزبان ٹیم کی ایک ایک کر کے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔گرین شرٹس کو چوتھی وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور یوں نِیل راک صرف 4 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی میچ میں دوسری وکٹ بن گئے۔
پاکستان کو پانچویں کامیابی 150 کے مجموعی سکور پر ملی جب جورج ڈوکریل 6 رن پر پویلین روانہ ہوگئے۔
آئرلینڈ کو چھٹا نقصان بھی یکے بعد دیگرے ہی ہوا جب کرٹس کیمفر صفر کے سکور پر ریورس سکوپ کھیلنے کی کوشش میں عباس آفریدی کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ شاہین آفریدی نے میچ میں اپنے آخری اوور میں بھی عمدہ بولنگ برقرار رکھی اور مزید ایک وکٹ حاصل کرتے ہوئے مارک اڈائر کو آؤٹ کیا۔
منگل کو ڈبلن کے کاسل ایونیو سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر ٹی20 کرکٹ میں چوتھی مرتبہ آمنے سامنے تھیں۔اس میچ سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر تین ٹی20 میچز کھیلے جا چکے تھے جن میں دو مرتبہ جیت پاکستان جبکہ ایک مرتبہ آئرلینڈ نے کامیابی حاصل کی۔
خیال رہے کہ اتوار کو کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو سات وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔تیسرے ٹی20 میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی بابر اعظم نے کی جبکہ آئرش ٹیم کی قیادت لورکان ٹکر کے پاس تھی۔












