کیا منصوبہ بند طریقہ سے گرم کیا جا رہا ہے بابری مسجد کا معاملہ ؟
رام مندر میں ’پران پرتشٹھا ‘سے قبل فرقہ پرست طاقتیں سرگرم
بابری مسجد کو شہید کہنے پرایم آئی ایم چیف اسد الدین اویسی کے خلاف اشوکا تھانہ میں شکایت درج، ہندو سینا کی جانب سے کاروائی ، نوجوانوں کو بھڑکانے کا الزام ، وی ایچ پی نے کہا اویسی نے آئین کی توہین کی ہے ، پرم ہنس داس نے کہا اویسی کو جوتا مارنے والے کو دوں گا ایک کروڑ روپے کا انعام
مرکزی وزیر گری راج سنگھ کا بھی رد عمل سامنے آیا
اسد الدین اویسی کے اندر جناح ہو گئے داخل
بے روزگاری ، مہنگائی پر پردہ ڈالنے کی کوشش
لوگوں نے اس کھیل کو بتایا بی جے پی کی سازش
ممتاز عالم رضوی
نئی دہلی :02 جنواری سماج نیوز سروس:کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر اور ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے ذریعہ بابری مسجد پر دیے گئے بیان کو بنیاد بناکر پولرائزیشن کی سیاست کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ رام مندر میں ’پران پرتشٹھا‘ کے بہانے بی جے پی اپنے اندر روح پھونکنے میں لگی ہے تاکہ عام انتخابات 2024؍میں وہ عوام کو گمراہ کرکے پھر سے حکومت قائم کرے چنانچہ اس کے لیے وہ نئے نئے بہانے کی تلاش میں رہتی ہے ۔بی جے پی اویسی کے بیان کو’ کیچ‘ کرتے ہوئے اب اس کو’ کیش ‘کرنے میں لگ گئی ہے۔اویسی نے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ نوجوانوں اپنی طاقت کو برقرار رکھو اور مسجدوں کو آباد رکھو ۔کہیں ایسا نہ ہو کہ ہماری مسجدیں ہم سے چھین لی جائیں۔ مسٹر اویسی نے کہا کہ ہم نے جس مسجد میں پانچ سو سال تک سجدے کیے تھے ، آج وہ مسجد ہمارے پاس نہیں ہے اور وہاں کیا ہو رہا ہے سب دیکھ رہے ہیں۔ اس بیان پر اب سیاست تیز ہو گئی ہے ۔ مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کہا کہ اویسی کے اندر جناح داخل ہو گیا ہے اور وہ پھر ملک کوتقسیم کرنے والی بات کر رہے ہیں ۔اس کے ساتھ ہی یہاں دہلی میں اشوکا روڈ تھانہ میں اسد الدین اویسی کے خلاف ہندو سینا کے قومی صدر وشنو گپتا کے ذریعہ ایف آئی آر درج کرانے کے لیے شکایت دی گئی ہے ۔مسٹر گپتا نے الزام عائد کیا ہے کہ اویسی مسلم نوجوانوں کو بھڑکا رہے ہیں اور ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد رام مندر کی تعمیر ہو رہی ہے ، سپریم کورٹ کے ذریعہ مسلم فریق کو مسجد کی تعمیر کے لیے الگ زمین دے دی گئی ہے، باوجود اس کے اویسی مسلم نوجوانوں کو بھڑکا رہے ہیں ۔ وشو ہندو پریشد نے کہا کہ اسد الدین اویسی نے آئین کی توہین کی ہے ۔ اس قسم کا بیان دینا افسوسناک ہے ۔ وہ شاید بھول گئے ہیں کہ انھوں نے آئین کی قسم کھائی ہے ۔ اس وقت پورا ملک مندر کے لیے تیار ہے چنانچہ ایسی طاقتوں کو سزا دینی چاہئے ۔ اس کے ساتھ اجودھیا کے پرم ہنس داس نے اعلان کیا ہے کہ جو بھی اسد الدین اویسی کو جوتے مارے گا اس کو ایک کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ ایک جوتے پر ایک کروڑ ، جتنے جوتے مارےگا اتنے کروڑ روپے دیے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں ہمارا سماج نے جب اس مسئلہ پر کچھ خاص لوگوں سے بات کی توان کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر بابری مسجد کے معاملہ کو گرامایا جا رہا ہے تاکہ اس کی وجہ سے بی جے پی کو فائدہ پہنچایا جا سکے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اس مرتبہ بابری مسجد۔ رام مندر کوئی ایشو نہیں ہے بلکہ بے روزگاری ، ترقی ، بدعنوانی ، لا اینڈآرڈر جیسے مسائل ہیں ۔ملک کے مسلمانوں نے سریم کورٹ کے فیصلہ کو قبول کیا اور صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے خاموشی اختیار کر لی ہے ۔وہ ملک میں امن چاہتا ہے ۔
mtazshalam@gmail.com
+91 9899775906