دیوبند، 17؍ دسمبر،سماج نیوز سروس: دیوبند کے ہائیر ایجوکیشن کے ادارے اسلامیہ ڈگری کالج میں نئے داخل شدہ طلبہ وطالبات کے لئے درخشاں عنوان سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا ۔ اس پروگرام کے دوران طالب علموں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا گیا۔ اس پروگرام میں شریک تمام طلبہ وطالبات پرجوش نظر آئے۔ ان طلبہ وطالبات نے اسٹیج پر آکر مختلف پروگراموں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ شعبہ کے انچارج ڈاکٹر محمد اخلاق نے بتایا کہ کالج سے حاصل ہونے والے تجربات طلبہ وطالبات کی زندگی کو نیا رخ دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس طرح کے ثقافتی پروگراموں سے طلبہ وطالبات کی معلومات میں اضافہ اور خود اعتمادی حاصل کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔ ادارہ کے پرنسپل ڈاکٹر وکیل احمد نے لڑکیوں کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ والدین و سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ لازمی طور پر اپنی لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کریں ۔ ادارہ کی طالبات نے شاعری ، نغمات ، ناٹک، ہندی کویتائیں پیش کیں۔ اس درمیان تعلیمی سال 2023-24میں ٹاپر رہنے والے طلبہ وطالبات کو میڈل اور توصیفی اسناد دے کر حوصلہ افزائی کی گئی۔ یاد رہے کہ تعلیمی سال 2024میں عائشہ سلیم نے فرسٹ رینک ، نوازیہ عظیم نے سیکنڈ اور زینب سید حسن نے تیسری رینک حاصل کی تھی۔ درخشاں کے عنوان سے منعقدہ اس پروگرام میں ڈاکٹر ابھیلاشا بھاردواج ، ڈاکٹر رحمت، ڈاکٹر دھرمیندر، سمت کمار، ڈاکٹر انور پاشا، ڈاکٹر پرویز علی اور ڈاکٹر طلحہ کمال کے علاوہ طلبہ وطالبات نے مومن شاہ فیصل ، عبدالصمد، ہمانشو، چھایا، انو، صبا، نشرہ، عائشہ اور اسعد ملک وغیرہ موجود رہے۔