دیوبند (سماج نیوز سروس) سہارنپور کے اسلامیہ ڈگری کالج میں عید میلاد النّبی کے تحت شعبہ اردو کی جانب سے طلبہ وطالبات کانعتیہ و تقریری مسابقہ کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام کا آغاز طیّب حسین کی تلاوت سے ہوا ۔پروگرام کی صدارت کالج کی منتظمہ کمیٹی کے صدر ماسٹر فیّاض انصاری نے اور نظامت شعبہ اردو کے ڈاکٹر غضنفر زیدی نے کی ۔اس موقعہ پر ماسٹر فیّاض انصاری نے طالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ اکرم کی حیاتِ مبارکہ ہر دور میں پوری انسانیت کیلئے نمونہ عمل ہے ۔کالج کے اسسٹینٹ منیجر قاضی شوکت حسین نے کہا کہ حضورِ اکرمؐ کی تعلیمات اور آپؐ کا پیغام رہتی دنیا تک ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضورِ اکرمؐ کی تعلیمات پر عمل کر کے انسانیت فلاح پا سکتی ہے۔شاہد زبیری نے کہا کہ رسولِ مقبول ؐ نے اپنے قول وعمل سے زندگی کے ہر میدان میں انسانیت کی رہنمائی کی اور آپ کا لایا ہوا دین آپکی حیاتِ مبارکہ میں محض23سال کی مدّت میں جزیرئہ عرب سے نکل کر پوری دنیا میں پھیل گیا جسکی کوئی دوسری مثال دنیا پیش کر نے سے قاصر ہے ۔












