اسرائیلی فلسطینی ذرائع سے ایک خبر سامنے آئی ہے کہ اتوار کے روز اسرائیل نے عمر قید کی سزا پانے والے تقریباً 200 فلسطینیوں کو رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، تاہم ان قیدیوں کی شناخت پر تنازع پیدا ہو گیا ہے۔ اسرائیل نے قیدی مروان برغوثی کو رہا ہونے والوں میں شامل نہیں کیا۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی براڈکاسٹ اتھارٹی نے اطلاع دی ہے کہ تنازع کا ایک اہم نکتہ فلسطینی قیدیوں کی تعداد سے متعلق ہے جن کا اسرائیل مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس معاہدے سے نکل جائیں۔ اسرائیل نے 65 فلسطینی سکیورٹی قیدیوں کی رہائی کو ویٹو کرنے کے حق کا مطالبہ کیا ہے۔ حماس کو یہ لگتا ہے کہ اسرائیل کا یہ مطالبہ مذاکرات میں بڑی رکاوٹ ہے۔
اسرائیلی براڈکاسٹنگ اتھارٹی نے اسرائیل کے ایک باخبر سیاسی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ مروان برغوثی جو فلسطینی رہنماوں میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں کو حتمی معاہدہ ہونے کے باوجود رہا نہیں کیا جائے گا۔ قبل ازیں اسرائیلی اخبار ’’یدیعوت احرونوت‘‘ نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے خبر دی تھی کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی مدت ختم ہونے سے پہلے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ اسرائیل جامع معاہدے کے بجائے جزوی معاہدے پر غور کر رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل اور حماس کے مابین جاری جنگ کو روکنے کے اشارے موجود ہیں جس کے لیے کئی دنوں سے مذاکرات جاری ہیں۔ لیکن ایک حتمی معاہدہ ابھی تک واضح طور پر سامنے نہیں آیا۔