انقرہ:ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ امن قائم رکھنے کے لیے سارا بوجھ فلسطینیوں اور حماس پر ڈالنا درست نہیں ہوگا۔ اسرائیل کو امن کے قیام کے لیے حملے بند کرنا ہوں گے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اب بھی سب سے بڑی رکاوٹ اسرائیل ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ امن کوئی ایسی چڑیا نہیں جو ایک پر سے اڑ سکے یہاں امن کے قیام بنائے رکھنے کی تمام تر ذمہ داری حماس اور فلسطینیوں پر ڈال دی گئی ہے۔دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں جنگ ختم کرنے کے معاہدہ طے ہونے کی تصدیق کردی ہے۔فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جاری بیان میں کہا ہے کہ غزہ پر جنگ کے خاتمے، قابض افواج کے انخلا، امداد کے داخلے اور قیدیوں کے تبادلے پر معاہدہ طے پا گیا ہے۔