فلسطین کے فٹبال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پر سات اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے صیہونی حکومت کے حملوں ميں اب تک تین سو سے زیادہ فلسطینی کھلاڑی صیہونی فوج کی جارحیتوں کے نتیجے میں شہید ہو چکے ہیں۔دوسری جانب صیہونی فوج نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں قتل عام کی آٹھ کارروائیاں انجام دی ہیں جن کے نتیجے میں چوراسی فلسطینی شہید اور دو سو انتیس افراد زخمی ہوگئے ہيں۔ اس تعداد کو شامل کرنے کے بعد سات اکتوبر کو انجام پانے والی طوفان الاقصی کارروائی کے بعد سے اب تک صیہونی فوجیوں کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد انتالیس ہزار نوے اور زخمیوں کی تعداد نوے ہزار ایک سو سینتالیس تک پہنچ گئی ہے۔غزہ پٹی میں فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ پٹی میں واقع شہر خان یونس میں گذشتہ دو دنوں سے شروع ہونے والے صیہونی فوجیوں کے جرائم کے نئے اعداد و شمار سامنے آئے ہيں ۔ وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اس علاقے میں غاصب صیہونی فوج کے جرائم کے نتیجے میں پچاسی افراد شہید ہوئے ہيں جن میں چوبیس بچے اور پندرہ خواتین ہيں۔دوسری جانب میڈيا ذرائع نے غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کی یلغار اور کم سے کم تین فلسطینیوں کے شہید و سات کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے ۔ الجزیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بدھ کی صبح غرب اردن کے قلندیا، طوباس اور طولکرم کیمپوں پر حملے کر کے کم سے تین فلسطینی شہریوں منجملہ احمد اصلان نام کے ایک جوان کو شہید اور سات افراد کو زخمی کردیا۔ گذشتہ روز بھی غرب اردن میں واقع طولکرم کیمپ میں تحریک فتح کے فوجی بازو شہداء الاقصی بریگیڈ کے کمانڈر ابوعبدو سمیت استقامت کے تین کمانڈر صیہونی فوج کے حملے میں شہید ہوئے ہيں۔












