صنعاء:لبنان کے شمال مشرق میں اسرائیلی ڈرون طیارے نے ایک گاڑی کو حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔جمعرات کو "نیشنل نیوز ایجنسی” نے اطلاع دی کہ یہ کارروائی "ہرمل ضلع میں حوش السيد علی روڈ پر کی گئی”۔ مرنے والے دونوں افراد کی لاشیں ہرمل شہر کے "البترول” ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ایجنسی نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا "بدھ کی شام ضلع صور کے قصبے جناتا میں ایک دشمن ڈرون نے ایک کار کو نشانہ بنایا”۔ قصبے کی بلدیہ نے ایک بیان میں واضح کیا کہ "اس حملے کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والا ایک شخص زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے”۔یاد رہے کہ اسرائیل لبنان کے ساتھ دشمنی کے خاتمے کے اس معاہدے کی دفعات پر عمل نہیں کر رہا جس پر عمل درآمد 27 نومبر 2024 کو شروع ہوا تھا۔ اس کی افواج اب بھی جنوبی لبنان میں بلڈوزنگ اور دھماکوں کی کارروائیاں کر رہی ہیں اور تقریباً روزانہ کی بنیاد پر فضائی حملے کیے جا رہے ہیں۔












