غزہ: غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید 6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل کی ریٹائرڈ فوجیوں کی تنظیم اپنی ہی فورسز پر برس پڑی، کہا اسرائیلی فورسز نے یلولائن کراس کرنے پر فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جبکہ اُن لوگوں کو پتا ہی نہیں تھا کہ یہ لائن کہاں موجود ہے۔ بریکنگ دی سائلنس نامی تنظیم کا کہنا ہے یہ لائن صرف نقشے پر ہے زمین پر نہیں۔ فلسطینی جانتے نہیں یہ لائن کدھر ہے۔ اسرائیلی وزیردفاع نے فوج سے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے خاتمے کی صورت میں حماس کو شکست دینے کے لیے جامع منصوبہ تیار کرے۔ دوسری جانب امریکی سینٹ کام چیف نے بھی حماس سے فوری ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سینٹ کام چیف ایڈمرل بریڈکوپر نے کہا کہ حماس ہتھیار ڈالے اور شہریوں پر حملے بند کرے، حماس تاخیر کے بغیر مکمل طور پر غیرمسلح ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن کا تاریخی موقع ہے حماس منصوبے پر مکمل عمل کرے، امریکی تحفظات ثالثوں تک پہنچا دیئے گئے ہیں صدر ٹرمپ نے خبردار کیا تھا حماس نے خود ہتھیار نہ ڈالے تو ہم غیرمسلح کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو جلد غیر مسلح ہونے کا پیغام دیدیا۔ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ارجنٹائن کے صدر خاویئر میلی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ اگر حماس ہتھیار نہیں ڈالتے، تو ہم انہیں غیر مسلح کریں گے۔