دیوبند، 23؍ مئی ،سماج نیوز سروس: اب ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے خواہش مند افراد اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لئے علاقائی ٹرانسپورٹ آفس جاکر ٹیسٹ دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، اب اپنا ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ کسی پرائیویٹ ٹریننگ سینٹر یا ڈرائیونگ اسکول جاکر دے سکیں گے۔ ٹرانسپورٹ کی وزارت نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لئے نئے قواعد و شرائط کا اعلان کیا ہے۔ ان نئے قوانین اور قواعد و شرائط کا نفاذ یکم جون 2024سے ہوگا۔ نئے قوانین کے تحت تین بڑی ترامیم کی گئی ہیں۔ ان نئے قوانین کے تحت نئے ڈرائیونگ لائسنس بنوا نے کے لئے علاقائی ٹرانسپورٹ آفس جاکر ٹیسٹ دینے کی موجودہ لازمیت ختم ہوجائے گی اور یکم جون 2024سے پرائیویٹ ٹریننگ سینٹر جاکر ٹیسٹ دے سکیں گے۔ ان سینٹروں کو ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے اور ڈرائیونگ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ لائسنس کے بغیر اور تیز رفتار کے ساتھ گاڑی چلانے پر بڑاجرمانہ عائد کیا جائے گا، وہیں کسی نابالغ بچہ کے گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے جانے پر والدین کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور 25ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا اور گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ منسوخ کردیا جائے گا اور نابالغ گاڑی چلانے والے بچہ کو 25سال کی عمر تک لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا۔ نئے قوانین کے نفاذ کے ساتھ ساتھ متعلقہ وزارت نے نئے لائسنس جاری کرنے کے لئے دستاویزات سے متعلق بھی سہولت دی ہے۔ اب بائک ، اسکوٹر اور چار پہیہ گاڑیوں کے لائسنس کے لئے الگ الگ دستاویزات طلب کی جائیں گی۔ مذکورہ اقدامات کے بعد آر ٹی آو کے یہاں فزیکل چیک اپ کی ضرورت بہت کم رہ جائے گی۔