نئی دہلی، جمعیتہ علماءہند (ضلع شمال مشرقی دہلی) کی مجلس عاملہ مدرسہ زینت القرآن ویلکم میں منعقد ہوئی جس کی صدارت الحاج محمد سلیم رحمانی (صدر جمعیتہ علماءضلع) نے کی۔پروگرام کا آغاز مولانا شمیم عادل قاسمی کی تلاوتِ قرآن کریم اور مفتی سید محمد اسلم قاسمی کی نعت پاک سے ہوا۔مولانا جمیل اختر قاسمی (ناظم ضلع) نے میٹنگ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ہوئے کہا کہ مرکز اور صوبائی جمعیتہ کی طرف سے ملنے والا تقاضہ یعنی اصلاح معاشرہ مہم پر ہمارے ضلع میں اور ضلع کے اکثر حلقوں میں ابھی تک محنت جاری وساری ہے انہوںنے مزید کہا ضلع شمال مشرقی دہلی اپنی کارکردگی کے اعتبار سے پورے صوبہ میں پہلے نمبر پر ہے جو کہ ہمارے ضلع کے لئے فخر کی بات ہے، اس میں تمام ضلعی ذمہ داران اور حلقہ جات کے عہدیداران و ارکان و محبان جمعیتہ کی محنتیں شامل ہیں کہ وہ اپنے اپنے اعتبار سے محنتیں کررہے ہیں، امید ہے کہ آگے بھی اس مہم کو تسلسل کیساتھ اپنے اپنے طور پر جملہ حلقہ جات میں جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جمعیتہ علماءضلع شمال مشرقی دہلی آئندہ بھی مرکز یا صوبہ کی طرف سے ملنے والے ہر تقاضہ کو حتی المقدور پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔صدر صاحب کی یاددہانی پر ناظم مجلس نے شوال المکرم میں منعقد ہونے والے صوبائی منتظمہ اجلاس کی تیاری کے لئے بھرپور کوشش کرنے اور تعاون کے اعتبار سے جو تقاضہ ملا ہے اسکو فروری کے آخر تک پورا کرنے کی بات کہی۔ضلع خازن مفتی سید محمد اسلم قاسمی نے موجودہ ٹرم کا اب تک کا حساب و کتاب بڑے ہی اچھے انداز میں پیش کیا جس میں آمد و خرچ کی تمام تر تفصیلات سامنے آئیں۔آخر میں مفتی مطیع الرحمان قاسمی کی دعا پر مجلس عاملہ اختتام پذیر ہوئی۔اہم شرکائے مجلس میں مفتی محمد دلشاد قاسمی، مفتی مجاہد حسن قاسمی، مولانا محمد انور قاسمی، مولانا محمد ہارون قاسمی، قاری محمد انیس قاسمی، مفتی نسیم احمد قاسمی، مفتی محمد عامر قاسمی، مفتی شان عالم قاسمی، قاری محمد فرید، مفتی مظفر حسین جامعی، قاری خورشید عالم فرقانوی، وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔