نئی دہلی، (یواین آئی) راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجسوی یادو نے کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال کو ملے انصاف سے یہ صاف ہو گیا ہے کہ بی جے پی حکومت سی بی آئی اور ای ڈی جیسی ایجنسیوں کا استعمال سیاسی فائدے کے لیے کرتی ہے اور اب انہیں پوری امید ہے کہ آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کو بھی ان کے خلاف چل رہے مقدمے میں انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال کے شراب گھپلہ معاملے میں بری ہونے سے بی جے پی کے ذریعے ای ڈی اور سی بی آئی کا اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ مسٹر یادو نے جمعہ کو یہاں صحافیوں کے سوالوں پر کہا کہ مسٹر کیجریوال کو انصاف ملا ہے اور اس بات سے بھی پردہ اٹھ گیا ہے کہ بی جے پی انتخابی اور سیاسی فائدے کے لیے سی بی آئی اور ای ڈی کا استعمال کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر انتخاب جیتنے کے لیے بی جے پی اسی طرح کا ہتھکنڈا اپناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کیجریوال معاملے میں سی بی آئی نے جس طرح کا چارج شیٹ داخل کیا ہے اور عدالت نے اسے غلط مانتے ہوئے مسٹر کیجریوال کو بری کیا ہے، اس سے واضح ہے کہ اس معاملے میں دھاندلی ہوئی ہے، اس لیے سی بی آئی افسر کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی لوگوں کو تنگ کر کے ان کا کردار کشی کرتی ہے اور اس طرح کے ہتھکنڈے بار بار اپناتی ہے۔ آر جے ڈی رہنما نے کہاکہ”عدالت نے بھی کہا ہے کہ سی بی آئی کے تفتیشی افسر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔ ایجنسیاں مخالف جماعتوں کے خلاف غلط طریقے سے مقدمے درج کرتی رہتی ہیں۔ بی جے پی اس کا استعمال لوگوں کو بدنام کرنے کے لیے کرتی ہے۔












