غزہ: جمعرات کو ایک بیان میں کہا گیا کہ اٹلی نے غزہ کی آبادی کے لیے خوراک اور صحت کے سامان پر مشتمل ایک پرواز بھیجی ہے جو اردن میں اتری۔ یہ انکلیو کے شہریوں کی مدد کے لیے روم کے "خوراک برائے غزہ” اقدام کا ایک حصہ ہے۔امداد میں 150 خیموں کے ساتھ 60 ٹن سے زیادہ خوراک، حفظانِ صحت کی کٹس اور صحت و صفائی کا سامان شامل ہے۔ جنوبی شہر برندیزی سے روانہ ہونے والی یہ پرواز اردن کے دارالحکومت عمان میں اتری ہے جہاں سے یہ سامان غزہ پہنچایا جائے گا۔
وزیرِ خارجہ انتونیو تاجانی نے کہا، "یہ کارروائی ہماری اس توجہ کا ایک ٹھوس مظاہرہ ہے جو اطالوی حکومت غزہ کی پٹی میں انسانی صورتِ حال کے لیے وقف کر رہی ہے۔”انہوں نے مزید کہا، اٹلی غزہ میں فلسطینی آبادی کے مصائب کو کم کرنے کی غرض سے ہر ممکن کوشش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اٹلی کے زیرِ قیادت خوراک برائے غزہ اقدام میں اقوامِ متحدہ کی خوراک و زراعت کی تنظیم (ایف اے او)، عالمی غذائی پروگرام (ڈبلیو ایف پی) اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی) کا ساتھ شامل ہے۔
بدھ کے روز امریکی فوج نے اعلان کیا کہ اس کا غزہ کے ساحل پر ایک عارضی، تیرتا ہوا گھاٹ نصب کرنے اور چلانے کا مشن مکمل ہو گیا جس سے فلسطینیوں تک انسانی امداد پہنچانے کی کوششیں باضابطہ طور پر ختم ہو گئیں۔
اٹلی نے مئی میں کہا تھا کہ وہ خوراک برائے غزہ منصوبے میں 30 ملین یورو (32.8 ملین ڈالر) مختص کرے گا جب اس نے اقوامِ متحدہ کی فلسطینی امدادی تنظیم انروا کے لیے فنڈنگ دوبارہ شروع کی۔